ترکیہ فضائی کمپنی: فائل فوٹو
خبردار! جہاز کے رُکنے سے قبل سیٹ بیلٹ کھولنے والے مسافروں پر جُرمانہ ہو گا
ترکیہ کی ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران حفاظتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی صورت میں مسافروں پر جُرمانہ کیا جائے گا۔
ترک حکام کے مطابق جو مسافر اپنی قطار کی باری آنے سے پہلے طیارے کی راہداری میں کھڑے ہوتے ہوئے پکڑے گئے، انہیں ترک حکام کو 70 ڈالر (52 پاؤنڈ) تک ادا کرنے پڑ سکتے ہیں۔
ترکیہ کے شہری ہوا بازی کے ادارے کا مقصد ان ’بےصبرے‘ مسافروں کو روکنا ہے جو طیارہ رکنے سے پہلے ہی دروازے کی طرف دوڑ پڑتے ہیں۔
ہوا بازی کے ادارے نے تجویز دی کہ فضائی کمپنیاں مسافروں کو باقاعدہ اعلان کے ذریعے بتائیں کہ انہیں بیٹھے رہنا ہے جب تک اعلان نہ کر دیا جائے کہ وہ اب طیارے سے اتر سکتے ہیں۔ حفاظتی پیٹی کا سائن بند ہو جانے کے باوجود انہیں بیٹھا رہنا ہو گا۔
فضائی سفر میں اکثر دیکھا گیا ہے کہ جیسے ہی طیارہ ان وے پر اترتا ہے، مسافر فوراً سیٹ بیلٹ کھول کر راہداری میں قطار بنا لیتے ہیں تاکہ وہ سب سے پہلے اپنے سامان تک پہنچ سکیں۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ’قواعد و ضوابط کے تحت ایئر لائنز پابند ہیں کہ وہ لینڈنگ کے دوران اور طیارے کے رکنے تک مسافروں کو سیٹ بیلٹ باندھے رکھنے کی یاد دہانی کرائیں اور واضح طور پر بتائیں کہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دی جائے گی اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس کا مطلب ہے کہ طیارے کے لینڈ کرنے اور ٹرمینل تک پہنچنے کے بعد بھی اپنی نشست پر بیٹھے رہنا ضروری ہے۔
131 ممالک کے لیے پروازیں چلانے والی سرکاری ترکش ایئر لائنز اس اصول پر عمل درآمد کر رہی ہے جب کہ دیگر علاقائی فضائی کمپیاں مثال کے طور پر ایمیرٹس اور قطر ایئر ویز بھی مبینہ طور پر اس ’بیٹھے رہنے‘ والے ضابطے کو نافذ کرنے پر غور کر رہی ہیں۔
فضائی کمپنیوں کے مطابق طیارے سے جلدی اترنے کی کوشش واحد بری عادت نہیں جو مسافروں میں دیکھی جاتی ہے۔