Digital binary blocks form the shape of a red heart. Illustration of the concept of online dating app and romance scams and swindlers related to it stock photo
کیا ڈیٹنگ ایپس جان بوجھ کر صارفین کو مناسب ساتھی تلاش کرنے نہیں دیتیں ؟
صارف کے فرینڈ کو تلاش کرلینے کا مطلب ہے وہ دونوں ایپ کا استعمال بند کردیں گے: تھامس کوہلر
"آن لائن ڈیٹنگ ناکام ہے" یہ جملہ ’’ ٹنڈر ‘‘ جیسی آن لائن ڈیٹنگ ایپس کے صارفین کی جانب سے اب عمومی طور پر ادا کیا جانے لگا ہے۔ یہ وہ صارفین ہیں جو وجہ جانے بغیر مناسب ساتھی تلاش کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ تاہم جرمن ٹیکنالوجی ماہر اور ٹیکنالوجی کے سماجی اثرات پر لکھنے والے تھامس کوہلر نے کہا ہے کہ انہوں نے بہت سے صارفین کی ان ایپس پر اپنے مناسب ساتھی کو تلاش کرنے میں ناکامی کی وجہ دریافت کر لی ہے۔
تھامس کوہلر نے کہا کہ ان ایپس کا بزنس ماڈل ہی اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ صارف آسانی سے ساتھی تک نہ پہنچ سکے۔ کیونکہ اگر وہ ساتھی تک پہنچ جاتا ہے اور اس سے رابطہ قائم کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اور اس کا ساتھی ایپ کا استعمال بند کر دیں گے اور اس طرح ایپ دو صارفین کو کھو دے گی اور مزید وزٹ اور سبسکرائبرز سے محروم ہو جائے گی۔
تھامس کوہلر مزید کہتے ہیں کہ "یہاں ایک بنیادی تضاد ہے: وہ ایپ جو ساتھی تلاش کرنے میں مدد کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، ان لوگوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھاتی ہے جو ساتھی تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے۔"
ٹنڈر کمپنی نے کہا ہے کہ ستمبر 2012 میں ایپ کے آغاز کے بعد سے اسے نصف بلین سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں 75 بلین سے زیادہ میچ ہوئے ہیں۔ نیز ہر ہفتے تقریباً 1.5 ملین لوگ ایپ کی بدولت ملاقات کرتے ہیں۔ یہ ایپ 40 سے زیادہ زبانوں میں دستیاب ہے۔
کوہلر جو آن لائن ڈیٹنگ پر ایک نئی جرمن کتاب کے مصنف ہیں نے کہا کہ تمام مقبول ایپس ڈیزائن میں ایک خامی کا شکار ہیں۔ وہ ملاقاتوں کو ظاہری شکل اور سطحی معیارات جیسے عمر، مقام اور قد تک محدود کرتی ہیں۔ ذہانت، تعلیم کی سطح، کرشمہ، مزاح اور رواداری جیسی زیادہ اہم خصوصیات کو نظر انداز کرتی ہیں۔ یہ خصوصیات آن لائن ظاہر نہیں ہو سکتیں۔
تھامس کوہلر نے مزید کہا اس سے ایک ایسا سطحی مقابلہ ہوتا ہے جہاں اکثر وہ جیتتے ہیں جو حقیقت کو بے شرمی سے خوبصورت بناتے ہیں۔ ایک بالکل مختلف رجحان ڈیٹنگ ایپس میں سیاسی نمونوں کا ابھرنا ہے۔ سیاست اور ڈیٹنگ کے تعلق پر تبصرہ کرتے ہوئے کوہلر کا کہنا ہے کہ سیاست ہمیشہ سے ڈیٹنگ کی دنیا میں ایک انتہائی اہم موضوع رہی ہے۔ بہت سی ایپس اب سیاسی رجحان کی وضاحت کا اختیار فراہم کر رہی ہیں۔ اس خصوصیت کا استعمال کرنا اور ممکنہ ساتھیوں کے خیالات دیکھنا فائدہ مند ہے۔ یہ آپ کو مایوسی سے بچا سکتا ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی پولرائزیشن صرف تعلقات تک محدود نہیں ہے۔