b12

تھکاوٹ، سُن ہونا اور منہ کے چھالے: وٹامن "بی 12" کی کمی کی علامات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وٹامن "بی 12" دماغ اور اعصابی نظام کی صحت اور سرخ خون کے خلیوں کی تشکیل کے لیے ایک ضروری غذائی جزو ہے۔ جسم اسے ڈی این اے کی پیداوار اور خوراک سے توانائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر جانوروں سے حاصل ہونے والی غذاؤں جیسے گوشت، انڈے اور ڈیری مصنوعات میں پایا جاتا ہے لہذا سبزی خور اور دیگر افراد اس کی کمی کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔

اخبار "ٹائمز آف انڈیا" کے مطابق وٹامن کی کم سطح کی پانچ بنیادی علامات ہیں:

مسلسل تھکاوٹ اور کمزوری

آرام کے بعد بھی تھکاوٹ محسوس کرنا سرخ خون کے خلیوں کی ناکافی پیداوار کی وجہ سے ہوتا ہے۔

جلد کا پیلا یا زرد ہو جانا

وٹامن "بی 12" کی کمی سے ہونے والی انیمیا جلد کو پیلا کر سکتی ہے یا یرقان (پیلاہٹ) پیدا کر سکتی ہے۔

سُن ہونا، جھنجھناہٹ اور توازن کے مسائل

مائیلین کی کمی کی وجہ سے اعصاب کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس سے ہاتھوں اور پیروں میں "سوئی چبھنے" جیسی جھنجھناہٹ پیدا ہوتی ہے اور اس سے حرکت اور توازن کے مسائل بھی ہو سکتے ہیں۔

مزاج میں تبدیلی اور ادراک کے مسائل

چڑچڑاپن، ڈپریشن، بے چینی اور یادداشت و ارتکاز کے مسائل بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔ ان مسائل کو "دماغی دھند" بھی کہا جاتا ہے۔

زبان کی سوجن اور منہ کے چھالے

زبان کا سوجنا اور تکلیف دہ ہونا اور ساتھ ہی منہ میں تکلیف دہ چھالے ہونا بھی وٹامن بی 12 کی کمی کی علامت ہوسکتا ہے۔ یہ چیز کھانے کو متاثر کرتی ہے۔

غفلت کا خطرہ

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ وٹامن "بی 12" کی کمی کا علاج نہ کرانا مستقل اعصابی نقصان، شدید انیمیا، دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتا اور حمل پر بھی پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔ ابتدائی انتباہی علامات کو پہچاننا فوری علاج اور طویل مدتی پیچیدگیوں کو روکنے میں مدد کرتا ہے، جس سے صحت کو برقرار رکھنے کے لیے وٹامن "بی 12" کی سطح کی جانچ ضروری ہو جاتی ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں