الأناناس - آيستوك
گیس اور اپھارے کے علاج کے لیے 10 بہترین غذائیں، انناس بھی شامل
پیٹ پھولنا نظام انہضام میں اضافی ہوا کے جمع ہونے یا گیسوں کے جمع ہونے کو کہتے ہیں۔ دنیا بھر میں لاکھوں بالغ افراد روزانہ گیس اور پیٹ پھولنے کے مسئلے سے دوچار ہوتے ہیں لیکن کچھ معمولی تبدیلیاں اس تکلیف کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ اخبار ’’ ٹائمز آف انڈیا ‘‘کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی سے تربیت یافتہ معدے کے ڈاکٹر ڈاکٹر سوراب سیٹھی ایسی غذائیں کھانے کا مشورہ دیتے ہیں جو پیٹ پھولنے کو کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
پیٹ پھولنے کی وجوہات
پیٹ پھولنا اس وقت ہوتا ہے جب نظام انہضام میں اضافی ہوا جمع ہو جاتی ہے یا گیسیں جمع ہو جاتی ہیں یا جب آنتوں کے عضلات خوراک کو مؤثر طریقے سے منتقل کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ یہ صورت حال بہت تیزی سے کھانے اور ہوا نگلنے، یا گیس پیدا کرنے والی غذائیں جیسے پھلیاں، پیاز اور کاربونیٹیڈ مشروبات کھانے، یا کھانے کی عدم برداشت کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات ہارمونل تبدیلیاں بھی پیٹ پھولنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
اچھی خبر یہ ہے کہ 10 ایسی غذائیں ہیں جو مؤثر طریقے سے نظام ہاضمہ کو سکون دے سکتی ہیں۔ یہ غدائیں ایسے انزائمز فراہم کرتی ہیں جو خوراک کو مؤثر طریقے سے توڑنے میں مدد کرتے ہیں۔ غذائیں یہ ہیں۔
کیوی
کیوی فائبر سے بھرپور ہے اور اس میں ایکٹینائیڈین انزائم ہوتا ہے جو پروٹین کو ہضم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ جریدے ’’ نیوٹریشنل سائنس ‘‘میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ روزانہ دو کیوی کھانے سے ہلکے قبض کا شکار افراد میں آنتوں کی حرکت بہتر ہوتی ہے۔
پپیتا
پپیتے میں موجود پاپین انزائم ہاضمے میں بھرپور معاونت فراہم کرتا ہے کیونکہ یہ پروٹین کو توڑنے اور ہاضمے کے عمل میں مدد کرتا ہے۔ طبی مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پروٹین سے بھرپور کھانا کھانے کے بعد پیٹ پھولنے کو کم کرنے کے لیے تازہ پپیتا کا ایک چھوٹا حصہ کھانا ایک اچھا انتخاب ہے۔
انناس
زیادہ چکنائی والا کھانا کھانے کے بعد تھوڑا سا تازہ انناس کھانا یا اسے سلاد میں شامل کرنا کچھ لوگوں کے لیے ہاضمے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انناس برومیلین کا غذائی ذریعہ ہے جو پروٹین کو ہضم کرنے والے انزائمز کا ایک گروپ ہے۔ ویب ایم ڈی کے مطابق برومیلین ہاضمے میں مدد کر سکتا ہے اور سوزش کو کم کر سکتا ہے۔
کھیرا
کھیرا پانی سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں فائبر ہوتا ہے اور اس کی ہائیڈریٹنگ خصوصیات اضافی سوڈیم کو ختم کرنے میں مدد کرتی ہیں جو پانی کو برقرار رکھنے اور پیٹ پھولنے کا سبب بن سکتا ہے۔
چیا کے بیج
چیا کے بیج فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور جب پانی کے ساتھ کھائے جاتے ہیں تو یہ بیج آنتوں میں ایک جیلی جیسا مادہ بناتے ہیں جو بالآخر پاخانے کو نرم کرنے اور اسے باقاعدہ رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ تاہم جن لوگوں کو صحت کے کچھ مخصوص مسائل ہیں جیسا کہ کم بلڈ پریشر یا گردے کی بیماریاں، انہیں چیا کے بیج کھانے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔
کینوا
کینوا ایک مکمل اناج ہے جس میں پری بائیوٹک فائبر ہوتا ہے۔ یہ فائبر فائدہ مند آنتوں کے بیکٹیریا کی نشوونما کو بڑھا سکتا ہے۔ پب میڈ سنٹرل جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج سے انکشاف ہوا ہے کہ کینوا میں موجود بائیو ایکٹیو مرکبات آنتوں کے بیکٹیریا کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
جئی (اوٹس )
پب میڈ سنٹرل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ بیٹا گلوکین سے بھرپور جئی یا جئی پر مشتمل مصنوعات کو غذا میں شامل کرنے سے انسولین میٹابولزم کو منظم کر کے خون میں چربی کی سطح اور بلڈ پریشر کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔
ادرک
ادرک صدیوں سے ہاضمے میں مدد کے طور پر استعمال ہوتی رہی ہے۔ ایک سائنسی مطالعہ کے نتائج نے ثابت کیا ہے کہ ادرک نظام ہاضمہ کے درد کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے اور ہاضمے کو بہتر بناتی ہے۔ یہ ایسی خصوصیات ہیں جو پیٹ پھولنے کو کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
پودینے کا تیل
پودینے کا تیل آنتوں کے ہموار پٹھوں کو آرام دیتا ہے اور اینٹھن اور پھنسی ہوئی گیس کو کم کرتا ہے۔ کئی طبی تجربات نے پیٹ کے درد اور پیٹ پھولنے کو کم کرنے میں اس کے فوائد کو ظاہر کیا ہے خاص طور پر ایریٹیبل باؤل سنڈروم میں۔ اس حوالے سے لپودینے کی چائے بھی آزمائی جا سکتی ہے یا ڈاکٹر کے مشورے کے بعد انٹریک کوٹیڈ پودینے کے تیل کے کیپسول لیے جا سکتے ہیں۔
سونف کے بیج
سونف کے بیج روایتی طور پر پیٹ پھولنے اور گیس کو کم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ مطالعات کے نتائج سے انکشاف ہوا ہے کہ سونف کا تیل ایریٹیبل باؤل سنڈروم کی علامات کو کم کرنے میں مؤثر ہے جن میں پیٹ پھولنا اور گیس شامل ہیں۔ سونف کے بیج کھانے کے لیے، کھانے کے بعد چند دانے چبائے جا سکتے ہیں یا سونف کی چائے پی جا سکتی ہے۔