وٹامن سی
سردیوں میں صحت مند رہنے کے لیے وٹامن C کے 11 قدرتی وسائل
جوں ہی موسمِ سرما آتا ہے ،اس کے ساتھ ہی نزلہ و زکام اور انفلوئنزا پھیلنے لگتے ہیں، وٹامن C جسے سائنسی زبان میں اسکوربک ایسڈ (Ascorbic Acid) کہا جاتا ہے، مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک بنیادی جزو سمجھا جاتا ہے۔
یہ وٹامن مدافعتی خلیات کی فعالیت کو بڑھانے اور جسم کو انفیکشن سے بچانے میں مدد دیتی ہے، ساتھ ہی یہ اینٹی آکسیڈینٹ کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔
حالیہ صحت کی رپورٹس کے مطابق وٹامن C کو اس کے قدرتی ذرائع سے حاصل کرنا صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین طریقہ ہے اور ماہرین کے مطابق یہ سردیوں میں آپ کا سب سے اچھا ساتھی ثابت ہوتا ہے۔
ذیل میں وٹامن C سے بھرپور اہم غذائیں دی جا رہی ہیں، جیسا کہ صحت کے ماہرین کی ویب سائٹ Verywell Health کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے، جو غذائی جائزوں اور ماہرینِ غذا کی رائے پر مبنی ہے:
امرود:
امرود فہرست میں سب سے آگے ہے، کیونکہ ہر 100 گرام میں 200 ملی گرام سے زیادہ وٹامن C موجود ہوتا ہے، جو سنتروں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہے اور یہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار ہے۔
چھوٹی بند گوبھی:
وٹامن C اور وٹامن K سے بھرپور ماخذ جو مدافعتی نظام اور ہڈیوں کی صحت دونوں کو سہارا دیتا ہے۔
میٹھی لال شملہ مرچ:
اس میں وٹامن C کی مقدار کئی ترش پھلوں سے زیادہ ہے، ساتھ ہی بیٹا کیروٹین بھی موجود ہے، جو نظر اور جلد کی صحت کے لیے مفید ہے۔
پیلی شملہ مرچ:
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور اور جسم کی قدرتی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
گوبھی:
وٹامن C کے علاوہ یہ پودوں کے مرکبات فراہم کرتی ہے جو آنکھوں کی حفاظت اور سوزش کم کرنے میں مددگار ہیں۔
بروکلی:
وٹامن C کے ساتھ پودوں میں موجود سلفر مرکبات بھی رکھتی ہے، جو سوزش کم کرنے اور خلیوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔
پپیتا:
یہ ایک استوائی پھل ہے، جو وٹامن C کے ساتھ قدرتی انزائمز فراہم کرتا ہے، جو ہاضمہ بہتر بنانے اور بافتوں کی تجدید میں مددگار ہیں۔
کیوی :
چھوٹا سا پھل لیکن وٹامن C اور وٹامن E سے بھرپور جو مدافعتی خلیات کی حفاظت کو بڑھاتا ہے۔
اسٹرابیری :
میٹھا ہونے کے باوجود کم کیلوریز والا اور وٹامن C سے بھرپور، جسے روزانہ استعمال کرنا صحت مند انتخاب ہے۔
سنترا:
وٹامن C کا سب سے مشہور ذریعہ اور باقاعدہ استعمال سے زکام کی مدت اور شدت کم کرنے میں مدد ملتی ہے، جیسا کہ طبی جرائد میں شائع مطالعے سے معلوم ہوا ہے۔
انناس :
وٹامن C فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برومیلین انزائم بھی رکھتا ہے، جو سوزش مخالف خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے۔
ماہرینِ غذاکے مطابق ان غذاؤں کو متوازن غذا میں شامل کرنا روزانہ وٹامن C کی ضرورت پوری کرنے میں مددگار ہے اور صرف طبی ضرورت کے تحت سپلیمنٹس لینا چاہیے۔