Young Woman applying oil in hair care concept. stock photo stock photo
چاول کا پانی اور میتھی بالوں کی صحت کے لیے سنہری نسخہ
دادی نانی کے روایتی نسخوں سے لے کر سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھی جانے والی ویڈیوز تک، چاول کا پانی اور میتھی کا امتزاج 2026 میں بالوں کی نگہداشت کے لیے سب سے زیادہ مقبول قدرتی نسخوں میں شمار ہونے لگا ہے۔
جہاں ایک طرف معروف برانڈز اور بالوں کی دیکھ بھال کے ماہرین اس کے ممکنہ فوائد کو اجاگر کر رہے ہیں، وہیں محققین بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ روایتی نسخہ واقعی بالوں کی صحت اور خوبصورتی میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے یا نہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا اس نسخے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت واقعی قابلِ مشاہدہ نتائج کی وجہ سے ہے یا اس کے گرد پیدا ہونے والا شور اس کے حقیقی فوائد سے کہیں زیادہ ہے؟
اس کا جواب روایتی تجربات اور جدید سائنسی تحقیقات کے امتزاج میں پوشیدہ ہے، جو چاول کے پانی اور میتھی دونوں کی قدرتی خصوصیات اور بالوں پر ان کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
چاول کے پانی کی خصوصیات
چاول کا پانی وہ مائع ہے، جو چاول بھگونے یا ابالنے کے بعد حاصل ہوتا ہے۔ اس میں ''امینو ایسڈز، نشاستہ اور اینٹی آکسیڈنٹس'' سمیت کئی مفید اجزا پائے جاتے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں ایشیا کی مختلف ثقافتوں میں استعمال ہونے والا یہ روایتی نسخہ ''ٹک ٹاک'' اور ''انسٹاگرام'' جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بدولت بالوں کی نگہداشت کے عالمی رجحان (ٹرینڈ) میں تبدیل ہو گیا ہے۔
خوبصورتی کے ماہرین کے مطابق چاول کے پانی میں موجود ''اینوسیٹول (Inositol)'' نامی مرکب بالوں کی لچک بہتر بنانے اور ہیئر ڈرائر یا اسٹریٹنر جیسے حرارتی آلات اور سخت کنگھی سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے بال زیادہ نرم اور چمکدار دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں موجود ''نشاستہ'' بالوں کی سطح پر ایک ہلکی حفاظتی تہہ بنا دیتا ہے، جو رگڑ کم کرکے بالوں کے ٹوٹنے میں کمی لا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ بعض افراد ''خمیر شدہ چاول کے پانی'' کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ عام تاثر ہے کہ اس میں مفید مرکبات کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ''مضبوط سائنسی شواہد اب بھی محدود'' ہیں۔ دستیاب معلومات زیادہ تر ذاتی تجربات یا محدود پیمانے پر ہونے والی تحقیقات پر مبنی ہیں، اس لیے فی الحال چاول کے پانی کو علاج کے بجائے ایک ''خوبصورتی اور نگہداشت'' کے طریقے کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے۔
''میتھی کے فوائد''
میتھی صدیوں سے عرب دنیا اور جنوبی ایشیا میں بالوں کی نگہداشت کے لیے روایتی طب کا اہم جزو رہی ہے۔
اس کے بیجوں میں ''پروٹین، آئرن، میگنیشیم'' اور ایسے نباتاتی مرکبات پائے جاتے ہیں جن میں ''اینٹی آکسیڈنٹ'' اور ''سوزش کم کرنے'' کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔
میتھی کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ پانی میں بھگونے پر اس سے ایک قدرتی ''جیلی نما مادہ'' خارج ہوتا ہے، جو بالوں کو اضافی نمی فراہم کرتا ہے اور خشکی و دو منہ ہونے کے مسئلے کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اسی وجہ سے میتھی کو کئی گھریلو نسخوں میں قدرتی ''ہیئر ماسک'' کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
بعض افراد کا ماننا ہے کہ میتھی کا باقاعدہ استعمال بالوں کو زیادہ گھنا دکھانے میں مدد دیتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس کی وجہ عموماً سر کی جلد کی بہتر صحت اور بالوں کے ٹوٹنے میں کمی ہوتی ہے، نہ کہ بالوں کی جڑوں یا فولیکلز کی تعداد میں حقیقی اضافہ۔
اگرچہ میتھی بالوں کی نگہداشت میں خاصی مقبول ہے، لیکن اب تک ایسی کافی طبی یا کلینیکل تحقیق موجود نہیں جو یہ ثابت کرے کہ یہ بالوں کا گرنا روکنے یا نئے بال اُگانے میں براہِ راست مؤثر ہے۔ تاہم اسے بالوں کی مجموعی نگہداشت کے معمول کا ایک معاون قدرتی جزو ضرور سمجھا جاتا ہے۔
چاول کے پانی اور میتھی کو ایک ساتھ استعمال کرنے کے فوائد
چاول کے پانی اور میتھی کے امتزاج کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی خصوصیات کو تکمیل فراہم کرتے ہیں۔
چاول کا پانی بالوں کی بیرونی سطح کو ہموار بنانے، نرمی بڑھانے اور رگڑ کم کرنے پر توجہ دیتا ہے، جبکہ میتھی سر کی جلد کی نگہداشت اور بالوں کو گہری نمی فراہم کرنے میں مددگار سمجھی جاتی ہے۔
دونوں کو ملا کر استعمال کرنے سے بال زیادہ چمکدار، نرم اور نسبتاً مضبوط محسوس ہو سکتے ہیں۔
اس نسخے کی ایک اور اہم وجہ اس کی آسان تیاری اور کم لاگت ہے، جس کے باعث بہت سے لوگ مہنگی تجارتی مصنوعات کے مقابلے میں اسے ترجیح دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس رجحان میں نفسیاتی پہلو بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، کیونکہ عام تاثر یہی ہے کہ قدرتی اجزا نسبتاً زیادہ محفوظ ہوتے ہیں، اگرچہ ضروری نہیں کہ ان کے نتائج پیشہ ورانہ کاسمیٹک مصنوعات کے مقابلے میں زیادہ تیز یا زیادہ مؤثر ہوں۔
استعمال کا عام طریقہ
اس نسخے کی تیاری کے لیے سب سے پہلے میتھی کے بیج ایک رات کے لیے پانی میں بھگوئے جاتے ہیں، تاکہ وہ نرم ہو جائیں اور ان سے قدرتی جیلی نما مادہ خارج ہو جائے۔
اسی دوران چاول کا پانی تیار کرنے کے لیے چاولوں کو 12 سے 24 گھنٹے تک پانی میں بھگویا جاتا ہے یا ہلکا سا خمیر ہونے دیا جاتا ہے۔
بعد ازاں دونوں مائعات کو ملا کر ہلکی گاڑھی ساخت والا محلول تیار کیا جاتا ہے، جسے یا تو سر کی جلد کے لیے دھونے کے محلول کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے یا ہیئر ماسک کی طرح جڑوں سے لے کر بالوں کے سروں تک لگایا جاتا ہے۔
اس آمیزے کو 20 سے 30 منٹ تک بالوں پر لگا رہنے دیا جاتا ہے، پھر پانی اور شیمپو سے اچھی طرح دھو لیا جاتا ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اس نسخے کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کیا جائے اور اسے ہفتے میں صرف ایک یا دو بار استعمال کیا جائے، کیونکہ زیادہ استعمال بعض اقسام کے بالوں، خصوصاً باریک یا کم مسامیت (Low Porosity) والے بالوں میں پروٹین جمع ہونے یا خشکی بڑھنے کا سبب بن سکتا ہے۔
ایک ٹرینڈ، مکمل علاج نہیں
چاول کے پانی اور میتھی کے اس امتزاج کی مقبولیت کا ایک بڑا سبب سوشل میڈیا بھی ہے، جہاں صارفین اپنی ذاتی کامیابیاں اور فوری نتائج پر مبنی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ بالوں میں نمایاں تبدیلی صرف چند دنوں میں آ سکتی ہے۔
تاہم بالوں کی نگہداشت کے ماہرین کے مطابق بالوں کی صحت میں حقیقی بہتری وقت طلب عمل ہے۔ اس کے نتائج متعدد عوامل پر منحصر ہوتے ہیں، جن میں متوازن غذا، ذہنی دباؤ کی سطح، سر کی جلد کی مناسب دیکھ بھال اور استعمال ہونے والی مصنوعات کا معیار شامل ہیں۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ مختلف افراد کے تجربات کا براہِ راست موازنہ درست نہیں، کیونکہ ہر شخص کے بالوں کی ساخت، نوعیت اور ضروریات مختلف ہوتی ہیں۔ اسی لیے جو نسخہ ایک شخص کے لیے مؤثر ثابت ہو، ضروری نہیں کہ وہ دوسرے شخص کے لیے بھی ویسا ہی نتیجہ دے۔
اس لیے چاول کے پانی اور میتھی کو بالوں کی نگہداشت کے ایک معاون قدرتی طریقے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ ایسا علاج جس کے نتائج ہر فرد کے لیے یکساں اور یقینی ہوں۔