النافذة المكسورة في الطائرة

فضا میں خوفناک حادثہ، کھڑکی ٹوٹنے سے مسافر طیارے سے باہر اڑتے بال بال بچا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایئرلائن رائن ایئر کی ایک پرواز کے دوران خوف و ہراس کے لمحات اس وقت دیکھنے میں آئے، جب یونان سے جرمنی جانے والی پرواز میں کیبن کی کھڑکی ٹوٹنے کے باعث ایک مسافر تقریباً طیارے سے باہر کھنچ گیا۔ اس واقعے کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر روانگی کے ہوائی اڈے پر واپس اتارنا پڑا۔

برطانوی اخباردی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق 61 سالہ سربیائی مسافر متاثرہ کھڑکی کے قریب بیٹھا تھا۔ کھڑکی ٹوٹنے کے بعد ہوا کے شدید دباؤ نے اسے جزوی طور پر طیارے سے باہر کی جانب کھینچ لیا، تاہم اس کی اہلیہ اور چند دیگر مسافروں نے فوری طور پر اسے پکڑ کر ایک ممکنہ سانحے کو ٹال دیا۔

حکام کے مطابق متاثرہ مسافر کو شدید ہوا اور طیارے کے باہر کی سردی کے باعث صدمے اور رگڑ سے لگنے والے زخموں کے سبب اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم مجموعی طور پر اس کی صحت کی حالت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔

مسافروں میں خوف و ہراس

طیارے کے اندر سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دباؤ میں کمی کے بعد آکسیجن ماسک نیچے لٹک گئے، جبکہ مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بعد ازاں عملے نے طیارے کوسالونیک کے ہوائی اڈے پر واپس لے جانے اور بحفاظت لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔

طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر نے سالونیک ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:ہم میں سے زیادہ تر سو چکے تھے اور آنکھیں بند تھیں۔ اچانک ایک آواز آئی جو ٹائر پھٹنے جیسی محسوس ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا:ہمیں فوراً احساس ہوا کہ فضائی دباؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ چیخ و پکار شروع ہو گئی، ایک لمحے کے لیے مجھے لگا کہ کسی نے غلطی سے ایمرجنسی دروازہ کھول دیا ہے۔

خاتون مسافر کے مطابق:آکسیجن ماسک نیچے لٹک آئے تھے اور ایک تیز بو محسوس ہو رہی تھی۔ ایک مسافر کا سر اور کندھے کھڑکی سے باہر کی طرف تھے، لیکن خوش قسمتی سے اس نے اپنی سیٹ بیلٹ نہیں کھولی تھی۔

کھڑکی ٹوٹ گئی

یونانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمالی مقدونیہ کی فضائی حدود میں پیش آیا، جہاں طیارے کی کھڑکی ایک ایسے ملبے کے ٹکڑے سے ٹوٹ گئی جو طیارے کے ایک انجن سے الگ ہو گیا تھا۔

ایئرلائن رائن ایئر نے اپنے بیان میں کہا:“مسافروں کے لیے مخصوص ایک کھڑکی دورانِ پرواز الگ ہونے کے بعد پرواز مختصر وقت میں سالونیک واپس آ گئی۔ طیارہ معمول کے مطابق لینڈ کر گیا اور مسافر واپس ہوائی اڈے کی عمارت میں پہنچ گئے۔

آئرش ایئرلائن نے مزید بتایا کہ باقی مسافروں کو جرمنی کے شہر میمنگن پہنچانے کے لیے ایک متبادل طیارے کا انتظام کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے سے آگاہ ہے اور رائن ایئر کے ساتھ رابطے میں ہے۔

واقعے کی تحقیقات

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں بوئنگ 737-800 طیارے کی ایک کھڑکی ٹوٹ گئی تھی۔

ادارے نے یونانی حکام کی مدد اور طیارہ حادثات کی تحقیقات کرنے والے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا کہ:شمالی مقدونیہ، چونکہ یہ واقعہ اسی کی فضائی حدود میں پیش آیا، تحقیقات کی قیادت کرے گا اور تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل اور کسی بھی بین الاقوامی شرکت کا فیصلہ کرے گا۔

بورڈ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ اس نے ایک امریکی نمائندہ مقرر کر دیا ہے، جو فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن، بوئنگ کمپنی اور جنرل الیکٹرک ایوی ایشن کے تکنیکی مشیروں کے ساتھ مل کر تحقیقات میں معاونت کے لیے تیار ہوگا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں