null
مالی پر حملے،فرانس کو الجزائر کی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت
شمالی شہرگئیو پر فرانسیسی جنگی طیاروں کی بمباری
فرانسیسی وزیرخارجہ لوراں فابئیس نے پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الجزائر کی جانب سے تعاون کی پیش کش اس امر کا اشارہ ہے کہ مالی میں جنگجوؤں کے خلاف کارروائیوں کے لیے عالمی حمایت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
انھوں نے الجزائر کا فرانسیسی جنگی طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الجزائر اس ضمن میں مزید بھی تعاون کرے گا اور وہ مالی کے شمال سے بھاگ کر آنے والے جنگجوؤں کو اپنے علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم الجزائری حکام سے افریقی فوج کی مالی میں آمد کی صورت میں الجزائر کی سرحدیں بند کرنے کا کہیں گے اور اس ضمن میں بات چیت جاری ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی وزیردفاع ژاں یاویس لی ڈریان نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کو مالی میں فرانس کی فوجی مداخلت سے اسلامی جنگجوؤں کی دارالحکومت باماکو کی جانب پیش قدمی رک گئی ہے۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگجوؤں کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔
فرانس کے جنگی طیاروں نے مالی کے شہر گئیو میں اتوار کو مسلسل تیسرے روز ہوائی اڈے اور باغی جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر حملے کے ہیں۔شہر کے شمال میں جنگجوؤں کے ایک کیمپ پر بمباری کے بعد دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور پک اپ ٹرکوں کے ذریعے فضائی حملے میں مرنے والوں اور زخمیوں کو اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق چار جدید جنگی طیاروں رافال نے فرانس سے اڑان بھرنے کے بعد گئیو میں باغیوں کے تربیتی کیمپوں اور ڈپوؤں کو نشانہ بنایا تھا۔فرانس کی فوجی مداخلت کا مقصد سخت گیر اسلامی جنگجوؤں کے ڈھانچے کو تباہ کرنا اور انھیں ملک کے جنوب کی جانب پیش قدمی سے روکنا بتایا گیا ہے۔مالی کے جنگجو گروپ انصارالدین کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ فرانسیسی جنگی طیاروں نے دو اور قصبوں لیرے اور دونتزا پر بھی بمباری کی ہے۔تاہم ان میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔