Flip

باؤنسر سے زخمی آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز چل بسے

پی سی بی نے فلپ کے سوگ میں ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن موخر کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آسٹریلیا کے بائیں یاتھ سے کھیلنے والے بلے باز فلپ ہیوز دو روز تک کومے میں رہنے کے بعد بالآخر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

پچیس سالہ ہیوز دو روز پہلے شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ کے دوران نیو ساؤتھ ویلز کے بولر شان ایبٹ کا باؤنسر لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے جہاں سے انھیں سڈنی کے ایک اسپتال میں فوراً منتقل کر دیا گیا۔ ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور وہ مسلسل کومے میں تھے۔

آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے فلپ ہیوز کے عزیز و اقارب کی جانب سے سینٹ ونسنٹ اسپتال میں ایک بیان پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا ہے فلپ ہیوز کی موت ایک بہت بڑا المیہ ہے اور ہم ان کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔۔

اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے ایک ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ''آپ کو یہ بتانا میرا افسوس ناک فرض ہے کہ تھوڑی دیر پہلے فلپ ہیوز چل بسے ہیں۔ منگل کو کوما میں چلے جانے کے بعد سے انھیں ہوش نہیں آیا''۔

آسٹریلوی وزیرِ اعظم ٹونی ایبٹ نے بھی فلپ ہیوز کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ان کی موت کرکٹ اور ان کے خاندان کے لیے بہت افسوس ناک واقعہ ہے۔‘

کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ اس دور کے شیفیلڈ شیلڈ میچوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ فلپ ہیوز نے 2009 سے 2013 کے درمیان 26 ٹیسٹ ميچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ رنز بنائے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فلپ ہیوز کی موت کے سوگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ایک روز کے لیے موخر کر دیا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں