Your browser doesn’t support HTML5 video
ایرانی جوہری تنازع پر ممکنہ ڈیل، کیری کےخلیجی وزراء سے مذاکرات
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پرممکنہ سمجھوتے کے حوالے سے خلیجی ممالک کو اعتماد میں لینے کے لیے خلیجی وزراء خارجہ سے ملاقاتیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جان کیری جمعرات کو علی الصباح سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ اس کے بعد انہوں ںے ریاض میں ہونے والے خلیجی وزراء خارجہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران جان کیری نے ایران کے جوہری تنازع پرمتوقع ڈیل کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے۔ بات چیت کے دوران مسٹرکیری نے سوئٹرزلینڈ میں ہونے والی ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات بھی بتائیں۔
اس کے علاہ آج کے اجلاس میں یمن کے بحران پرتبادلہ خیال بھی ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ان کا ملک ایران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام پر تہران سے سمجھوتے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کی ممکنہ ڈیل تہران اور واشنگٹن کے درمیان 35 سال سے منقطع تعلقات کی بحالی کی کوئی کوشش نہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان میری ھارف کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایران اور امریکا کے درمیان تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر ڈیل کے حوالے سے اتفاق رائےنہیں ہوسکا ہے تاہم فریقین بات موقف میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں صرف تہران کا جوہری پروگرام ہی نہیں بلکہ اور بھی کئی حل طلب مسائل ہیں۔ جن میں انسانی حقوق، شام میں جاری دہشت گردی اور حزب اللہ جیسے مسائل پربھی بات چیت ہو رہی ہے۔