شادی
دلہن لینے آیا بھارتی امتحان میں پھنس کر ناکام واپس!
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مین پوری میں گذشتہ روز ایک ہندو نوجوان دلہن لینے بارات لے کر سسرال کے گھر پہنچا مگر اس کے لیے شادی کی خوشی ایک نئی پریشانی میں بدل گئی۔
ہوا یوں کے دلہا اوم ویر سنگھ کواس کی ہونے والی بیوی خوشبو سکسینہ نے اس وقت امتحان میں ڈال دیا جب خوشبو کو پتا چلا کہ لڑکا ان پڑھ ہے۔ شادی کی رسومات کی ادائی کے دوران لڑکا مذہبی منتر بھی صحیح طور سے نہیں پڑھ رہا تھا اور اس کی زبان میں بھی لُکنت تھی۔ اس پر دلہن کو لڑکے کی بتائی گئی تعلیمی قابلیت پر شک گذرا اور اس نے آزمانے کے لیے لڑکی کو اپنے موبائل فون پر اپنا موبائل نمبر ڈائلنے کو کہا۔ بہادر دلہا موبائل نمبر ڈائل کیا کرتا وہ سرے سے اپنا نمبر ہی بھول گیا۔ باراتیوں میں گھرا بھارتی لڑکا کسی سے بات تک نہیں کر پا رہا تھا اور مسلسل ہکلائے جا رہا تھا۔ اس پر لڑکی نے فوری طور پر اس سے شادی سے انکار کردیا۔ بھارتی اخبار’’ہند سماچار‘‘ کے مطابق خوشبو سکسینہ کو بتایا گیا تھا کہ اس کا منگیتر گریجویٹ ہے، مگر شادی کی تقریب میں اس کی تعلیمی قابلیت کا پول کھل گیا۔
بھارت میں اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ چند ماہ قبل ایک لڑکی نے شادی کے موقع پراپنے منگتیر کی تعلیم کے بارے میں شک گذرنے پر اس سے ریاضی کے انتہائی آسان سوال کے ذریعے آزمایا تھا۔ لڑکی نے پوچھا کہ 15 میں تین جمع کریں تو حاصل جواب کیا ہوگا؟ لڑنے کے جواب دیا کہ 15+3 کا جواب 23 ہے۔ اس پرلڑکی نے وہیں شادی ختم کردی تھی۔