Your browser doesn’t support HTML5 video
یمنی فوج کا صنعا کے نزدیک واقع اہم بیس پر دوبارہ قبضہ
ملک کے مختلف علاقوں میں اتحادی طیاروں کی حوثی باغیوں پر بمباری
یمنی فوج اور عوامی مزاحمت سے تعلق رکھنے والی فورسز نے دارالحکومت صنعا کے نزدیک واقع تزویراتی اہمیت کے حامل ایک اہم بیس پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔
العربیہ نیوز چینل نے صنعا کے نزدیک واقع فرضة نهم کیمپ کی تصاویر حاصل کی ہیں۔ان میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں کی اس فوجی تنصیب میں تباہ کاریوں کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں اتحادی فورسز نے صنعا سے شمال میں واقع صوبے عمران کے ضلع حرف سفیان میں حوثی ملیشیا کے کیمپوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔اتحادی طیاروں نے یمن کے جنوبی صوبہ ضالع میں بھی حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
درایں اثناء یمنی فوج کے نومقرر ڈپٹی سپریم کمانڈر جنرل علی محسن الاحمر نے اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 2216 کے تحت حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کے تحت فوج حوثی باغیوں کے زیر قبضہ دوسرے علاقوں کو بھی آزاد کرا لے گی۔