سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے الریاض میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس ملاقات کررہے ہیں۔
الریاض : شاہ سلمان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے الریاض میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے ملاقات کی ہے اور ان سے خطے کی تازہ صورت حال ، یمن میں جاری بحران ،انسانی امدادی سرگرمیوں اور عالمی ادارے میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
انتونیو گوٹیریس نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے گفتگو کرتے ہوئے یمن میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کے کردار اور فراخدلانہ مالی امداد کو سراہا ہے۔
انھوں نے اقوام متحدہ اور اس کے تحت مختلف عالمی اداروں اور تنظیموں میں سعودی عرب کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمیشہ بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت کی ہے۔
الیمامہ محل میں ہونے والی اس ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز ، وزیر مملکت مساعد بن محمد العیبان ، وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ بن یحییٰ المعلمی بھی موجود تھے ۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل منگل کے روز سعودی عرب کے دورے پر الریاض پہنچے ہیں۔اس سے پہلے انھوں نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے شام اور یمن کی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا اور بعد میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں دونوں ممالک میں جاری بحرانوں کے سیاسی حل کی ضرورت پر زوردیا تھا۔