إيفانكا
سعودی عرب میں سفری دستاویزات کے قانون میں اصلاحات اہم پیش رفت ہے: ایوانکا ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور مشیر ایوانکا ٹرمپ نے سعودی عرب میں سفری دستاویزات اور شہری حیثیت کے قوانین میں ترامیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک "بڑی پیش رفت" قرار دیا ہے۔
ایوانکا نے جمعے کے روز اپنی ٹویٹ میں یہ بھی باور کرایا کہ مملکت میں اس طرح کی "مزيد" اصلاحات کی ضرورت ہے۔
سعودی عرب نے جمعرات کی شام سرکاری طور پر مملکت میں سفری دستاویزات اور شہری حیثیت کے قوانین میں ترامیم کا اعلان کیا تھا۔ نئی ترامیم کے بعد 21 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین خود سے پاسپورٹ حاصل کر سکیں گی اور انہیں بیرون ملک سفر کے لیے اپنے ولی یا سرپرست کی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
شہری حیثیت کے قانون میں ترمیم کے بعد اب سعودی خاتون خاندان کی قانونی سرپرست ہو سکتی ہے۔ ماضی میں یہ حیثیت صرف مرد کو حاصل تھی۔ اس کے علاوہ سعودی خاتون کو اب اپنی رہائش کے حوالے سے شوہر پر انحصار نہیں کرنا ہو گا۔
نئی ترامیم کے بعد خواتین کو اجازت ہو گی کہ وہ نومولود کے بارے میں رپورٹ کر سکیں۔ اس سے قبل یہ حق صرف باپ یا قریب ترین مرد رشتے دار کو حاصل تھا۔