Japan
جاپان میں "کرونا طلاق" سے اجتناب کے لیے اپارٹمنٹ اور مشاورت 40 ڈالر میں
جاپان میں ایک کمپنی نے اپنے خالی اپارٹمنٹس اُن جوڑوں کو پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جو کرونا وائرس کے سبب نافذ لاک ڈاؤن سے جنم لینے والی کشیدگی اور تناؤ کے مسائل سے دوچار ہیں۔
کمپنی کا نام کاسوکو ہے اور اس کا صدر دفتر ٹوکیو میں ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ "ہماری اپنے گاہکوں سے درخواست ہے کہ وہ کرونا وائرس کے سبب طلاق کے بارے میں سوچنے سے قبل ہمارے ساتھ مشاورت ضرور کریں"۔
کمپنی نے اس حوالے سے مکمل فرنشڈ اپارٹمنٹس پیش کیے ہیں۔ یہ گھر والوں سے فرار اختیار کرنے والوں کے لیے ایک "عارضی پناہ گاہ" ہے۔ خواہ راہ فرار اختیار کرنے والوں کا مقصد کام ہو یا پھر سکون اور خاموشی کی تلاش ...
جاپانی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب سات علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ان اقدامات میں گھر سے باہر نکلنے پر پابندی شامل نہیں ہے۔ البتہ لوگوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے اور ملازمت پیشہ افراد کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں سے ہی کام کر رہی ہے۔
کاسوکو کمپنی نے دل چسی رکھنے والے افراد کے لیے یومیہ 4400 ین (40 ڈالر) کے عوض اپارٹمنٹس کی پیش کش کی ہے۔
کاسوکو کمپنی کے ترجمان کے مطابق کمپنی کی جانب سے رواں ماہ تین اپریل کو اس پیش کش کا آغاز کیا گیا۔ اس کے بعد سے کمپنی کے گاہکوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔ اس سروس میں طلاق کے موضوع پر قانونی ذمے دار کے ساتھ 30 منٹ کی مفت مشاورت بھی شامل ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ "میڈیا رپورٹوں کے مطابق لاک ڈاؤن کے اقدامات کے بعد چین اور روس میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی واسطے ہم نے یہ سروس شروع کی ہے"۔
کاسوکو کمپنی کے پاس پورے جاپان بالخصوص ٹوکیو کے وسط میں 500 کے قریب رہائشی یونٹس ہیں۔ سیاحت میں کمی آنے کے نتیجے میں ان میں اکثر یونٹ خالی پڑے ہیں۔
کمپنی کی یہ مہم ٹویٹر پر #کرونا _ڈائیوورس (کرونا طلاق) کے ٹرینڈ کے ساتھ سرگرم ہے۔