Donald Trump
ایران نے ہیرا پھیری کی کوشش کی تو اسے ناقابل توقع سبق سکھائیں گے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے ہیرا پھیری کی کوشش کی تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
قدامت پسند براڈکاسٹر رش لمبو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جمعہ کے روز کہا کہ اگر ایران ہمارے ساتھ گڑبڑ کرتا ہے، اگر یہ ہمارے ساتھ کوئی برا سلوک کرتا ہے تو ہم تہران کو ایسا جواب دیں گے جو اس سے قبل ایران کو کسی نے نہیں دیا ہوگا۔
صدر نے یہ ریمارکس لیمبو کے ساتھ دو گھنٹے گفتگو کے دوران دیے۔ انہوںنے ہلیری کلنٹن اور جو بائیڈن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے اس پروگرام کے دوران پیش گوئی کی تھی کہ اگر وہ 3 نومبر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر تے ہیں تو ایران امریکا کے ساتھ نیا جوہری معاہدہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں جیت جاتا ہوں تو ایک ماہ کے اندر ہمارے ساتھ ایران کا ایک بڑا معاہدہ ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جانتے ہیں کہ اگر وہ ہمارے خلاف کچھ کرتے ہیں تو وہ اس کی قیمت ہزار گنا زیادہ ادا کر دیں گے۔
نئے گیلپ پول نے انکشاف کیا کہ امریکیوں کی اکثریت (56 فیصد) کا کہنا ہے کہ وہ چار سال پہلے کی نسبت اب بہتر ہیں۔ صرف 32 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ چار سال پہلے کی نسبت بدتر ہیں۔