Capture
رہائی کے بعد قذافی کے بیٹے کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
سوشل میڈیا پر لیبیا کے سابق مقتول سربراہ معمر قذافی کے بیٹے ساعدی قذافی کی تازہ تصویر سامنے آئی ہے۔ یہ ساعدی کی رہائی اور اتوار کے روز ترکی روانہ ہونے کے بعد قذافی کے بیٹے کی پہلی تصویر ہے۔
تصویر میں ساعدی ترکی کے سفر کے دوران طیارے کے اندر موجود ہیں۔ ان کی لمبی داڑھی ہے اور وہ تصویر میں مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس سے قبل العربیہ کے ذرائع نے اتوار کی شام بتایا تھا کہ عدالتی حکام کی جانب سے رہا کیے جانے کے بعد ساعدی ترکی روانہ ہو گیا۔ اپریل 2018ء میں لیبیا کی ایک عدالت نے قذافی کے بیٹے کو بری کر دیا تھا۔ ساعدی قذافی پر لیبیائی فٹبال فیڈریشن کی ٹیم کے ایک کھلاڑی اور کوچ بشیر الریانی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔
مارچ 2014ء میں نائیجر نے ساعدی کو لیبیا کے حوالے کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ دارالحکومت طرابلس میں الھضبہ جیل میں پڑا ہوا تھا۔