الجزائری دینار
الجزائر: بے روز گاروں کے لیے ماہانہ مالی امداد اور ہیلتھ کوریج کا اعلان
الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کے مطابق حکومت یکم مارچ سے بے روز گار افراد کو ماہانہ 13 ہزار دینار (تقریبا 100 ڈالر) کی مالی امداد دے گی۔ اس کا مقصد اقتصادی بحران کی شدت کو کم کرنا ہے۔
صدر تبون نے منگل کے روز صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ "الجزائر یورپ سے باہر وہ پہلا ملک ہو گا جس نے بے روزگاروں کے لیے ماہانہ مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے"۔
الجزائر کے صدر کے مطابق اس مالی امداد کے ساتھ ہیلتھ کوریج بھی فراہم کی جائے گی۔ اس مد میں مختص کی جانے والی رقم 2022ء کے مالی بجٹ سے متعلق قانون میں شامل ہے۔
علاوہ ازیں صدر تبون نے اعلان کیا ہے کہ یکم مارچ سے روٹی بنانے والوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے نیا اقدام عمل میں آئے گا۔ اس کے تحت نانبائیوں کی صرف منافع کی رقم پر ٹیکس لاگو ہو گا۔ اس سے قبل یہ ٹیکس پوری آمدنی پر لاگو کیا جاتا تھا۔
مزید برآں الجزائر کے صدر نے وسیع پیمانے پر استعمال میں آنے والی بعض غذائی اشیاء پر ٹیکس کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔