سیف الاسلام قذافی کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر زیر گردش
لیبیا کے مقتول سربراہ معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کی ایک نئی تصویر سوشل میڈیا پر گردش میں آئی ہے۔ تصویر میں وہ اپنے پاؤں پر دو زانوں بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ذرائع نے العربیہ کو اس تصویر کے درست ہونے کی تصدیق کی۔ ذرائع کے مطابق یہ تصویر ایک ہفتے سے زیادہ پرانی ہے۔
سیف الاسلام لیبیا میں آئندہ صدارتی انتخابات میں نامزد امیدوار ہیں۔ جنوری کے اواخر میں انہوں نے اپنے ایک بیان میں ملک کو درپیش صورت حال کے حل کے لیے ایک سیاسی منصوبہ پیش کیا تھا۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
سیف الاسلام گذشتہ برس نومبر میں سبھا شہر میں صدارتی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے بعد سے روپوش ہو گئے۔ اس اقدام نے انتخابی کمیشن کو مجبور کر دیا کہ وہ سیف الاسلام کا نام نامزد امیدواروں کی فہرست سے نکال دے۔ بعد ازاں سبھا کی عدالت نے حکم جاری کیا تھا کہ سیف الاسلام کا نام لیبیا میں صدارتی انتخابات کے امیدواروں کی حتمی فہرست میں شامل کیا جائے۔