UAE's Minister of State for Foreign Affairs Anwar Gargash speaks during a press conference in Sudan's capital Khartoum on January 14, 2020. Gargash arrived in Sudan for a two-day visit. / AFP / ASHRAF SHAZLY

روس اور یوکرین

یواے ای یوکرین تنازع کے سیاسی حل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے: انورقرقاش 

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انورقرقاش نے اتوار کے روز کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین تنازع کے فوجی حل کو مسترد کرتا ہے اور وہ اس کے سیاسی تصفیے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

انھوں نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا:’’ہمیں یقین ہے کہ کسی فریق کی طرف داری سے تشدد میں اضافہ ہوگا۔ ہماری ترجیح یوکرین بحران کے تمام فریقوں کو سفارت کاری اور مذاکرات کی ترغیب دینا ہے تاکہ اس تنازع کے خاتمے کے لیے سیاسی تصفیے تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں، بین الاقوامی قوانین اور ممالک کی خودمختاری کے حوالے سے ’’سخت مؤقف‘‘ رکھتا ہے۔

انورقرقاش نے کہا کہ یوکرین میں تنازع کے نتیجے میں دنیا کو جس تیزی سے’’ پولرائزیشن‘‘کا سامنا ہے‘اس سےعدم استحکام کے عوامل میں اضافہ ہوتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’تنازعات سے بھرپورخطے میں اپنے تجربے کی بنیاد پر ہمیں یہ یقین ہے کہ سیاسی حل تک پہنچنا اورسلامتی اوراستحکام کو مضبوط بنانے کے لیے توازن پیدا کرنا ہی بحرانوں کا مقابلہ کرنے اور ان کے نتائج کو کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے‘‘۔

روسی صدر ولادی میرپوتین نے جمعرات کو یوکرین پر مکمل حملے کا حکم دیا تھا۔جمعہ کو روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مسودے کو ویٹو کردیاتھا۔اس میں ماسکو کے یوکرین پرحملے پر افسوس کا اظہار کیا گیا تھاجبکہ چین، بھارت اور متحدہ عرب امارات نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا تھا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں