بھارت کی مشرقی ریاست بہارمیں آسمانی بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے دوران میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ بہار کے مختلف علاقوں میں یہ اموات بدھ اور جمعہ کے درمیان شدید موسم کے دوران میں ہوئی ہیں۔مرنے والوں میں زیادہ تر کسان اور مزدور تھے۔

بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آسمانی بجلی گرنے سے اموات پرتعزیت کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ کے لیے معاوضے کا وعدہ کیا ہے۔

بہار کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعہ کے روز ریاست کے متعدد حصوں میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس سے پہلے بدھ اور جمعرات کو آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں تیرہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پیر کوریاست کے بعض حصوں میں مزید موسلادھار بارش اور بجلی گرنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جون سے ستمبرتک مون سون کے دوران میں بھارت میں بجلی گرنے کاعمل عام ہے۔شدید بارشوں سے ملک میں جہاں آبی ذخائر بھرتے اورخشک سالی کا خاتمہ ہوتا ہے، وہیں ہر سال وسیع پیمانے پر سیلاب سے اموات اور تباہی بھی ہوتی ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق 2019 میں بھارت میں بجلی گرنے کے واقعات میں قریباً 2900 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں