Ukrainian President Volodymyr Zelenskyy appears on a screen as German Chancellor Olaf Scholz attends a virtual G7 leaders meeting at the Chancellery in Berlin, Germany, ON October 11, 2022. (Reuters)

روس اور یوکرین

زیلنسکی کاجی7 سے فضائی دفاعی نظام اوربیلاروس کی سرحد پرمبصرمشن کی حمایت کامطالبہ 

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یوکرین کے صدر ولودی میرزیلنسکی نے گروپ سات کے رہ نماؤں سے روس کی جارحیت کو روکنے کے لیے مزید فضائی دفاعی صلاحیتیں مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اوران پر زوردیا ہے کہ وہ بیلاروس کی سرحد پر بین الاقوامی مبصر مشن کی تعیناتی کے لیے ان کے اقدام کی حمایت کریں۔

زیلنسکی نے دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے شہروں پرروس کے میزائلوں کی بارش کے ایک روز بعد جی سیون کے رکن ممالک کے رہ نماؤں کے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی ہے۔انھوں نے ماسکوکے خلاف سخت نئی پابندیاں عاید کرنے کا مطالبہ کیا اور ایک بار پھرروسی صدر ولادی میرپوتین کے ساتھ مذاکرات سے انکار کیا ہے۔

انھوں نے جرمن چانسلراولف شولز کا آئرس ٹی دفاعی نظام مہیا کرنے پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب یوکرین کو یہ جدید اورمؤثر فضائی دفاعی نظام مل جائے گا تو روس کی دہشت گردی کا کلیدی عنصر(راکٹ حملے)کام کرنا بند کردے گا۔

انھوں نے کہا:’’ہم امید کرتے ہیں،یہ درمیانے سے طویل فاصلے تک مارکرنے والے مؤثرنظام ہوں گے، جو مختلف دفاعی ڈھالوں کے نظام کی تخلیق کی اجازت دیں گے‘‘۔

یوکرین کے مغربی اتحادیوں نے فروری میں روس کے حملے کے بعد سے کیف کومالی امداد اور بھاری ہتھیارمہیاکیے ہیں۔زیلنسکی کی حکومت نے ان سے زیادہ طاقتورہتھیاراور ان کی تیز رفتار ترسیل کی درخواست کی ہے اور اس کے ساتھ ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بیلاروس نے رواں ہفتے اعلان کیا تھا کہ یوکرین کے قریب روسی افواج کے ساتھ اس کے فوجی تعینات کیے جائیں گے، جس سے جنگ میں مزید شدت کا اشارہ ملتا ہے۔ اب تک بیلاروس یوکرین پر روس کےحملے کا میدانی اسٹیج ہی رہا ہے اور اس نے عملاً جنگ میں شرکت نہیں کی۔

زیلنسکی نے اس کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کا بیلاروس پر حملہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں لیکن وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ اس کو شمال میں واقع پڑوسی سے کوئی خطرہ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’یوکرین اوربیلاروس کی سرحد پر ہم بین الاقوامی مبصرین کا ایک مشن تعینات کر سکتے ہیں تاکہ سلامتی کی صورت حال پر نظر رکھی جاسکے۔اس کے لیے ہمارے سفارت کارکام کر سکتے ہیں۔ میں جی سیون کی سطح پر آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس اقدام کی حمایت کریں‘‘۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں