امریکی صدر جو بائیڈن اور فرانسیسی ہم منصب عمانویل ماکروں کی ویٹیکن میں ملاقات کا ایک منظر۔ [29 اکتوبر 2021 اے ایف پی]
دورہ چین سے قبل ماکروں کا بائیڈن سے ٹیلی فونک رابطہ
یوکرین جنگ کے جلد خاتمے کے لئے چین سے روابط پر اتفاق
فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے دورہ چین سے قبل اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے یوکرین میں جاری جنگ کے جلد خاتمے کے لئے چین سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فرانس کے صدارتی دفتر الیزے محل سے جاری ایک بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے یوکرین میں جاری جنگ کے جلد از جلد خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے چین سے رابطے کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق ماکروں اور بائیڈن نے امید ظاہر کی کہ چین عالمی شمالی اور جنوبی ممالک کے درمیان یکجہتی کی کوششوں اور ماحولیات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ فرانسیسی صدر تین روزہ دورے پر بدھ کے روز چین پہنچیں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ فرانسیسی صدر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔