ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ کے روز کہا ہے کہ وہ جلد از جلد مصر کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتری کے ایک مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
ترک ٹی آر ٹی ٹیلی ویژن نے ایردوآن کے حوالے سے کہا کہ میں جلد از جلد مصر کا دورہ کر سکتا ہوں۔
یہ ملاقات 2013ء میں اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے مصری صدر محمد مرسی کی معزولی اور دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع ہونے کے برسوں بعد ہونے جا رہی ہے۔
قطری دارالحکومت دوحا میں السیسی اور ایردوآن کے مصافحہ کے بعد تعلقات کو معمول پر لانے کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔ یہ ملاقات گذشتہ سال نومبر میں فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران ہوئی تھی۔
گذشتہ ستمبر میں دونوں صدور کی ہندوستان میں منعقدہ G20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔ اس وقت ترک ایوان صدر کے میڈیا آفس نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ہاں سفارتی تعلقات بھی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ترک ایوان صدر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات "جلد سے جلد اس سطح پر پہنچ جائیں گے جس پر ہونے چاہئیں‘‘۔