19 فروری 2023 کو دمشق کے قرون وسطی کے قلعے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ملبے سے شام کا قومی پرچم نظر آ رہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پینٹاگون نے اپنی داخلی تحقیقات کے بعد مرتب کردہ رپورٹ میں تسلیم کر لیا ہے کہ شام میں ایک ڈرون حملے میں شہری کی ہلاکت ہوئی تھی۔ امریکہ کی طرف سے یہ ڈرون حملہ پچھلے سال یعنی 2023 میں کیا گیا تھا۔
پینٹاگون کی تحقیقات سے متعلق واشنگٹن پوسٹ نے یہ خبر جمعرات کے روز اپنی اشاعت کا موضوع بنائی ہے۔ جس میں پینٹاگون نے ایک شامی شہری کی غلطی سے ہلاکت تسلیم کی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ کا اس سے قبل دعویٰ تھا کہ اس نے القاعدہ کے ایک سینئر رہنما کو ڈرون حملہ کر کے ہلاک کیا تھا ۔ تاہم تحقیقات میں امریکی سنٹرل کمانڈ کا یہ دعویٰ غلط نکلا ہے۔ بلکہ تسلیم کیا گیا ہے کہ مارا جانے والا ایک عام شامی شہری تھا۔