امریکی ایلچی آموس ہوچسٹین چار مارچ 2024 کو بیروت، لبنان میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بیری سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کر رہے ہیں۔ (رائٹرز)
اسرائیل لبنان کشیدگی : جوبائیڈن کے مشیر آموس ہوچسٹین کی اسرائیل آمد
امریکی صدر جوبائیڈن کے سینیئر مشیر آموس ہوچسٹین آج پیر کے روز اسرائیل پہنچیں گے۔ جہاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو روکنے کے لیے ملاقاتیں کریں گے۔
'ہوچسٹین مزید کشیدگی بڑھنے سے روکنے کے لیے پیشگی کوششیں کریں گے۔ یہ کوششیں اسرائیل اور لبنان کی سرحد 'بلیو لائن' سے متعلق ہیں۔' یہ بات ایک امریکی سرکاری ذمہ دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی ہے۔
ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کی وجہ سے پورے مشرق وسطیٰ میں جنگ پھیلنے کی تشویش پیدا ہو چکی ہے۔ واضح رہے اب تک کی اس سرحدی کشیدگی کے دوران اسرائیل نے اپنے ڈرون حملوں اور بمباری کے ذریعے لبنان کے اندر تک سینکڑوں لبنانی شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان میں حزب اللہ کے کئی اہم رہنما بھی شامل ہیں۔ جبکہ حزب اللہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں لگ بھگ ایک سے ڈیڑھ درجن کے درمیان اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔ جن میں کچھ تعداد فوجیوں کی بھی ہے۔
پچھلے ہفتے جب اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کا انتہائی سینیئر رکن ہلاک ہوا تو اس کے بعد حزب اللہ نے اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کے طور پر اسرائیل پر راکٹ داغے ہیں۔ جس سے اسرائیل میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسرائیلی فوجی ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے اتوار کے روز جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے 'حزب اللہ کشیدگی کو آخری کنارے کی طرف دھکیلنے پر مجبور کر رہا ہے۔'
اس پس منظر میں امریکی سینیئر مشیر آموس ہوچسٹین مشرق وسطیٰ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
خیال رہے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ہفتہ دس دن پہلے ہی اسرائیل سمیت مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا ہے۔ جبکہ اگلے ماہ 24 جولائی کو اسرائیلی وزیراعظم امریکہ جا رہے ہیں۔