صدارتی مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن
صدارتی مباحثے کے آغاز پر امیدواروں نے ہاتھ نہیں ملایا
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثے کے آغاز پر دونوں امیدوار اسٹیج پر آنے کے بعد ہاتھ ملانے کے بجائے اپنے اپنے پوڈیم پر کھڑے ہو گئے۔
مباحثے کے موڈریٹر جیک ٹیپر نے پہلا سوال صدر جو بائیڈن سے کیا۔
صدارتی مباحثے کا پہلا سوال معیشت کی صورتِ حال پر تھا جس پر صدر بائیڈن نے کہا کہ معیشت آگے بڑھ رہی ہے اور ان کی حکومت میں ملازمتوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ سے انہیں اقتدار ملا تھا تو معیشت کا برا حال تھا۔ بے روزگاری کی شرح 50 فی صد تھی اور کووڈ کی وبا کو بہت بری طرح سے ہینڈل کیا گیا تھا۔ ان کے بقول ہماری حکومت نے صورتِ حال پر قابو پانے کی پوری کوشش کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے معیشت سے متعلق سوال پرکہا کہ انہوں نے کووڈ کی وبا کو بہت بہتر انداز سے ڈیل کیا۔ ان کے بقول ان کے دورِ حکومت میں اسٹاک مارکیٹ بلند تھی اور وہ ورثے میں کوئی جنگ چھوڑ کر نہیں گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کووڈ کی وبا آنے سے پہلے معیشت کی صورتِ حال اتنی اچھی تھی کہ امریکہ اپنا واجب الادا قرض اتارنے کے قریب تھا۔