شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوج اور ٹینک

اسرائیلی فوج لبنان میں زمینی حملے کی تیاری کر رہی ہے : میڈیا رپورٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی ویب سائٹ "ویلا" نے آج پیر کے روز اسرائیلی ذمے داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان میں زمینی حملے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اہم کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

مذکورہ اسرائیلی ذمے داران کے مطابق "فوج نے حزب اللہ کی تیاریوں کے حوالے سے درست انٹیلی جنس معلومات جمع کر لی ہیں۔ فوج میں اس بات پر اتفاق ہے کہ لبنان میں زمینی حملہ وقت کی بات ہے"۔

ادھر اسرائیلی فوج نے پیر کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے لبنان میں البقاع کے علاقے میں حزب اللہ کے درجنوں اہداف پر حملے کیے ہیں۔ مزید یہ کہ اسرائیلی لبنانی سرحد کے نزدیک اسرائیلی ٹینک اکٹھے ہو رہے ہیں۔

Your browser doesn’t support HTML5 video

اس سے قبل اسرائیل نے آج پیر کو علی الصباح بیروت کے اندر ایک رہائشی عمارت کو ڈرون طیارے کے ذریعے نشانہ بنایا۔ اس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ گذشتہ برس غزہ کی پٹی میں جنگ چھڑنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے بیروت کے وسط میں حملہ کیا۔

لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ اتوار کے روز اسرائیلی حملوں میں 105 افراد ہلاک اور 359 زخمی ہو گئے۔

Your browser doesn’t support HTML5 video

سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے غیر معمولی حملے کے بعد حزب اللہ نے بھی لبنان میں لڑائی کا دروازہ کھول دیا۔ اس پیش رفت کو غزہ کے لیے "امدادی محاذ" کا نام دیا گیا۔

تقریبا ایک برس تک سرحد پار بم باری کے تبادلے کے بعد اسرائیل نے 23 ستمبر سے حزب اللہ کے اہداف پر فضائی حملوں کو شدید کر دیا ہے۔ گذشتہ پیر سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس روز ہونے والی ہلاکتیں 1975 سے 1990 تک کی خانہ جنگی کے بعد لبنان میں ایک دن کے اندر مرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

فرانس کے وزیر خارجہ اتوار کی شام لبنان پہنچے۔ اسرائیلی حملوں میں شدت آنے کے بعد وہ پہلے غیر ملکی اعلیٰ سفارت کار ہیں جو لبنان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسرائیل اپنے حملوں میں ایران نواز تنظیم حزب اللہ کو نشانہ بنا رہا ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5 video

فرانسیسی وزیر خارجہ نے لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی کو آگاہ کیا کہ پیرس حکومت اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر رکوانے کی کوشش کر رہی ہے۔

لبنان پر اسرائیل کی بے قابو جارحیت نے مشرق وسطیٰ میں ایک وسیع جنگ چھڑنے کے اندیشے پیدا کر دیے ہیں۔

ایک اسرائیلی سیکورٹی ذمے دار نے جمعے کے روز بتایا کہ لبنان میں اسرائیل کے سیکورٹی آپریشن کا مقصد حزب اللہ کی اسرائیل پر حملوں کی صلاحیت کم کرنا، تنظیم کی عسکری قیادت ختم کرنا اور سرحدی علاقوں کو تنظیم کے جنگجوؤں سے پاک کرنا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں