بیٹی اپنے خاکروب والد کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے
بیٹی اپنے خاکروب والد کی سالگرہ پرمبارک باددینےسڑک پرپہنچ گئی،دونوں کی آنکھوں سےآنسوجاری
بیٹی کو دیکھ کرباپ جذباتی ہوگیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ترکیہ میں ایک لڑکی اپنے خاکروب والد کو اس کی سالگرہ کی مبارک باد دینے سڑک پر پہنچ گئی جہاں وہ کام کررہا تھا۔اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے صارفین کی طرف سے بے حد پسند کیا گیا ہے۔
ترکیہ کی ریاست رایز کے ایک چوک میں بیٹی کی اپنے خاکروب باپ کو اس کی سالگرہ کے موقع پر حیران کرنے والی ایک ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا پردھوم مچا دی۔
ویڈیو میں لڑکی کو ابتدائی طور پر مرکزی شاہراہ پر ایک دیوہیکل اسکرین پر نمودار ہوتے ہوئے دکھایا گیا، جہاں اس نے اپنے والد کو مبارکباد پیش کی۔ والد بیٹی کو دیکھ کر حیران رہ گیا اور اس کے چہرے پر حیرت، صدمے اور خوشی کے ملے جلے جذبات کے آثار نمودار ہوئے۔
اسکرین پردیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کینڈی کا کیک لے کر اپنے والد کے پاس گئی۔ والد کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔ راہگیروں کا بھی ہجوم جمع ہوگیا۔ وہ سب باپ بیٹی کی معصوم خوشی میں شامل ہوگئے۔
اس ویڈیو کلپ پر بڑٰ تعداد میں لائیکس ملے اور اس پر شہریوں کی طرف سے بھرپور رد عمل سامنے آیا۔ صارفین نے بیٹی کےاپنے والد کی سالگرہ پرانہیں کیک کا تحفہ پیش کرنے کو سراہا۔