16 نومبر 2024 کو برلن، جرمنی میں ایک ٹرام سب وے اسٹیشن وارشاؤر سٹراس سے گزر رہی ہے۔ (رائٹرز)
مشرقی جرمنی : ٹرام میں سفر کے دوران خاتون کو آگ لگانے والا فرار
جرمنی کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک حملہ آور نے اتوار کے روز مشرقی جرمنی میں ٹرام میں سفر کرنے والی ایک خاتون کو آگ لگا دی۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے خاتون کو آگ لگانے کے لیے ایک مائع سے مدد لی۔
پولیس کے مطابق زخمی خاتون کو ہسپتال داخل کردیا گیا ہے۔ تاہم آگ لگانے والا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
جرمن پولیس نے بتایا ہے کہ خاتون کو آگ لگانے کا یہ واقعہ مشرقی شہر گیرا میں پیش آیا ہے۔ تاہم اس واقعے میں کوئی اور شخص زخمی نہیں ہوا۔ خاتون کو آگ لگائے جانے کے بعد مسافروں نے ٹرام کا ہنگامی بٹن دبا کر ٹرام کو روک دیا۔ اسی دوران دروازے کھلتے ہی حملہ آور فرار ہو گیا۔
ٹرام ڈرائیور نے فوری طور پر آگ بجھانے والے آلے سے آگ بجھائی اور 46 سالہ خاتون کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال بھیج دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 46 سالہ متاثرہ خاتون کے شوہر کی تلاش کی جا رہی ہے۔