نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ یکم مئی 2025 کو ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں خطاب کرتے ہوئے (یو این ویب ٹی وی)
اسرائیل کو امداد روکنے پر جواب دہ ٹھہرایا جائے: پاکستان کی عالمی عدالت انصاف سے درخواست
پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطین کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی اور اسرائیل کو جوابدہ بنانے پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیدرلینڈز دی ہیگ میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے عالمی عدالت انصاف میں زبانی بیان دیا جس میں انہوں نے فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ میں اسرائیلی مظالم کو اجاگر کیا۔
پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ انروا کے آپریشنز روکنے کی کوشش عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پاکستانی سفیر نے غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی اور اسرائیل کو جوابدہ بنانے پر زور دیا۔ پاکستان نے رواں سال کیس میں تحریری بیان بھی عالمی عدالت میں جمع کرایا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں کیس کی سماعت دو مئی تک جاری رہےگی۔ 40 سے زائد ممالک اور تنظیمیں عالمی عدالت کے اجلاسوں میں شرکت کر رہی ہیں۔