غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد کے مناظر
غزہ کی پٹی : اسکول پر اسرائیلی بم باری ، عورتوں اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق
غزہ میں شہری دفاع کے محکمے نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو علی الصبح اسرائیلی جنگی طیاروں کی ایک فضائی کارروائی میں کم از کم 10 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے جبالیا میں ایک اسکول پر کیا گیا جو بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسرائیلی طیاروں نے "فاطمہ بنت اسد اسکول" کو نشانہ بنایا، جہاں دو ہزار سے زیادہ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔ ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
مقامی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کے شہر رفح میں بھی شدید فضائی بم باری کی، جب کہ غزہ شہر کے مشرقی علاقوں الزيتون اور الشجاعیہ میں بھی کئی حملے کیے گئے۔ عینی شاہدین نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ پیر کی صبح اسرائیلی فوج نے رفح میں متعدد عمارتوں اور گھروں کو دھماکوں سے تباہ کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ جنگ سات اکتوبر 2023 کو اس وقت شروع ہوئی جب حماس نے اسرائیل پر ایک غیر معمولی حملہ کیا، جس میں اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1218 افراد مارے گئے، ان میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
غزہ کی وزارتِ صحت کی جانب سے اتوار کو جاری ایک نئی رپورٹ کے مطابق، جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 52 ہزار 829 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔