13 جون 2025 کو یمن سے میزائل حملے کے بعد سائرن بجے۔ اس موقع پر یروشلم میں ایک عمارت کے رہائشی سیڑھیوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ (اے پی)
یمن کے حوثیوں کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ
ایران کے ساتھ باہم رابطہ کاری، وسطی اسرائیل کے جافا کو نشانہ بنایا
یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے اتوار کے روز کہا ہے کہ انہوں نے ایران کے ساتھ باہم رابطے سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وسطی اسرائیل کے جافا پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ اس دوران اسرائیل اور ایران میزائل حملوں کا تبادلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حوثی گروپ اسرائیل کے خلاف حملے کرتا رہا ہے جن میں سے زیادہ تر روک دیئے گئے۔ حوثیوں کے مطابق وہ یہ حملے اسرائیل-حماس جنگ میں غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں کرتے ہیں۔