سویدا سے، 19 جولائی 2025
شامی وزارت داخلہ نے سویداء معاہدے کی شقوں کی تفصیل بتا دی
شام کی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے ہفتے کے روز سویداء صوبے میں جنگ بندی کے معاہدے کی اہم شقوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ وضاحت سکیورٹی کشیدگی کو کم کرنے کی بھرپور کوششوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
اندرونی سکیورٹی افواج کی تعیناتی
العربیہ کو ذرائع نے بتایا کہ معاہدے میں مغربی اور شمالی سویداء کے دیہی علاقوں میں اندرونی سکیورٹی افواج کو جھڑپیں روکنے والی افواج کے طور پر تعینات کرنے کا بندوبست شامل ہے۔ شامی سکیورٹی افواج کو صرف مرکزی سڑکوں پر تعینات کیا جائے گا شہروں کے اندر نہیں۔ اس کا مقصد حالات کو پرسکون کرنا اور استحکام کو مضبوط کرنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ معاہدے میں اس کی شقوں کو 48 گھنٹوں کے اندر نافذ کرنے کا بھی بندوبست شامل کیا گیا ہے۔ اس میں درعا اور سویداء کے درمیان انسانی ہمدردی کی راہداریوں کو کھولنا شامل کیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور زخمیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جا سکے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
زیر حراست افراد کا تحفظ
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ معاہدے میں غیر قانونی گروہوں کے پاس بدو قبائل کے زیر حراست افراد کے تحفظ سے متعلق ایک شق شامل کی گئی ہے جس میں زور دیا گیا ہے کہ یہ قدم فریقین کے درمیان اعتماد پیدا کرنے اور مستقبل میں کسی بھی کشیدگی سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔ یاد رہے شامی ایوان صدر نے ہفتے کو فوری اور مکمل جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے چند گھنٹوں بعد شام کے لیے امریکی ایلچی تھامس باراک نے اعلان کیا کہ اسرائیل اور شام نے دروز اکثریت والے علاقے میں جھڑپوں کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
شامی ایوان صدر نے اپنے بیان میں جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف خبردار کیا اور زور دیا کہ یہ خودمختاری کی خلاف ورزی ہوگی۔ اس سے قبل، شامی سکیورٹی افواج نے سویداء صوبے میں شہریوں کے تحفظ اور افراتفری کو روکنے کے لیے تعیناتی شروع کر دی تھی۔