فلسطینی صدر محمود عباس

قطر پر اسرائیلی حملہ سنگین اشتعال انگیزی ہے:فلسطینی صدر

اسرائیل عرب سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہا ہے:محمود عباس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلسطینی صدر محمود عباس نے قطر پر اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عرب اور عالمی سلامتی کو براہِ راست خطرے میں ڈال رہا ہے۔

کل پیر کے روز دوحہ میں عرب – اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں اسرائیلی جارحیت کے اثرات پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس سے قبل قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "قنا" سے خصوصی گفتگو میں محمود عباس نے زور دیا کہ عرب اور اسلامی دنیا کو اس چیلنج کا بھرپور اور متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق فوری اور سخت سفارتی اقدامات کے ساتھ اسرائیل کو اس کے مسلسل جرائم پر جواب دہ بنایا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ نہ صرف ایک خودمختار ملک کی سلامتی پر حملہ ہے بلکہ یہ پیغام بھی ہے کہ مشترکہ عرب اور اسلامی تحفظ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "قطر کا امن دراصل ہمارے اجتماعی عرب اور اسلامی تحفظ کا حصہ ہے اور ہم سب ان حملوں کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہیں"۔

Your browser doesn’t support HTML5 video



محمود عباس نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقصد خطے کے استحکام کو متزلزل کرنا ہے، جس کے مقابلے میں ایک متحدہ عرب اور اسلامی ردعمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فوری ترسیل، قابض افواج کے مکمل انخلا، مغربی کنارے اور القدس میں بستیوں کی توسیع اور آبادکاروں کے دہشت گردانہ اقدامات کا خاتمہ، فلسطینی فنڈز کی واپسی اور تعمیرِ نو کے عمل کو آگے بڑھانا اب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

فلسطینی صدر نے دوحہ اور قطر کی قیادت بالخصوص امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر کا ثابت قدم مؤقف اس بات کا ثبوت ہے کہ جو قومیں اور ممالک حق اور انصاف کا دفاع کرتے ہیں، وہ جارحین کے عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں