شام کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس بیرک 7 جولائی 2025 کو لبنان کے بابدا میں صدارتی محل میں لبنانی صدر جوزف عون سے ملاقات کے بعد گفتگو کر رہے ہیں۔ REUTERS/Mohamed Azakir
شام کے لیے امریکہ کے نمائندہ ٹام بیرک نے ہفتہ کے روز بتایا ہے کہ امکانی طور پر شامی صدر احمد الشرع کے امریکہ کے دورہ کی تیاری یے اور وہ واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ٹام بیرک نے ہفتہ کے روز بحرین میں جاری سالانہ 'گلوبل سیکیورٹی اینڈ جیوپولیٹیکل کانفرنس' کی سائیڈ لائنز میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہیں امید ہے کہ شامی صدر کے دورہ امریکہ کے دوران شام امریکی قیادت میں داعش کے خلاف جنگ کا حصہ بن جائے گا۔ تاکہ خطے سے داعش کا خاتمہ کیا جا سکے۔
احمد الشرع ماہ ستمبر میں جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے امریکہ گئے تھے۔ یہ پچھلی کئی دہائیوں کے ںعد کسی شامی صدر کا جنرل اسمبلی سے پہلا خطاب تھا۔ اب محض دو ماہ بعد وہ دوبارہ امریکہ کے دورے پر جا رہے ہیں۔
8 دسمبر 2024 کو اقتدار سنبھالنے کے بعد سے احمد الشرع کئی اہم ملکوں کے دورے کر چکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے علاوہ روس اور سعودی عرب بطور خاص شامل ہیں۔
شام پر عائد کئی قسم کی پابندیاں بھی امریکہ و یورپی ملکوں نے ختم کر دی ہیں اور بشار الاسد کے دور میں ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے شام کی تعمیر نو کے لیے بھی مختلف پہلوؤں پر کام جاری ہے۔