یونائیٹڈ ائیرلائن کا طیارہ
امریکی ہوائی اڈے پر بم کی افواہ کے باعث پروازیں معطل
یہ افواہ یونائیٹڈ ایئر لائنزکی ایک پرواز کو نشانہ بنانے کی تھی، جو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے آ رہی تھی
امریکی وفاقی حکام نے منگل کے روز بم کی موجودگی کی افواہ کے بعد رونالڈ ریگن نیشنل ایئر پورٹ سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں معطل کر دیں۔ رونالڈ ریگن نیشنل ایئر پورٹ کا شمار ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے۔
امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شون ڈیفی نے پلیٹ فارم "ایکس" پر وضاحت کی کہ یہ دھمکی یونائیٹڈ ایئر لائنز کی ایک پرواز کو نشانہ بنا نے کی تھی، جو ہیوسٹن ریاست ٹیکساس سے آ رہی تھی۔
تمام دیگر پروازیں معطل کر دی گئیں، جبکہ متعلقہ طیارے کو ہوائی اڈے کے ایک محفوظ اور علاحدہ حصے میں منتقل کیا گیا۔ مسافروں کو طیارے سے اتار کر بسوں کے ذریعے آمد ہال میں لے جایا گیا، جیسا کہ واشنگٹن کی ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ترجمان نے تمام سوالات اور معلومات کے لیے ایف بی آئی (وفاقی تحقیقاتی ادارے) سے رجوع کرنے کا کہا۔
ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہرڈیڑھ بجے کے قریب ہوائی اڈے پر کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی گئیں، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تیز اور مؤثر ردعمل کی تعریف کی۔