67f29462409cb
ریاست کی بحالی کی جنگ جاری رکھیں گے:یمنی وزارت دفاع
یمن میں امن و استحکام کے لیے سعودی کاوششوں کی ستائش
یمن کی وزارتِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ مسلح افواج کے تمام اہلکار بلند حوصلے، مکمل پیشہ ورانہ صلاحیت اور اعلیٰ جنگی تیاری کے حامل ہیں اور ہر حال اور ہر طرح کے حالات میں اپنے آئینی اور قومی فرائض کی انجام دہی کے لیے تیار ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سبا‘ کی جانب سے شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی مسلح افواج ریاست کی بحالی کی جنگ کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے اپنے پختہ عزم پر قائم ہیں اور حوثی دہشت گرد گروہ اور اس کے ایرانی منصوبے سے ملک کی ایک ایک انچ زمین آزاد کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ان تمام دہشت گرد گروہوں اور تخریبی منصوبوں کا مقابلہ بھی کریں گی جو وطن کے استحکام کو متزلزل کرنے اور سماجی امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزارتِ دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری کردہ فیصلوں اور اقدامات کی روشنی میں انہیں سونپی گئی تمام ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے عہد پر قائم رہیں گے، قومی کامیابیوں اور مستقل قومی اصولوں کا دفاع کریں گے، یمن کی سلامتی کو یقینی بنائیں گے اور اس کے اتحاد اور خودمختاری کا تحفظ کریں گے۔ مسلح فوج ایک مضبوط قلعہ بنی رہیں گی جس سے ٹکرا کر تمام سازشیں اور تخریبی منصوبے ریزہ ریزہ ہو جائیں گے۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
یمنی وزارتِ دفاع کی قیادت اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ایک بار پھر یمنی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تمام تر وابستگیوں اور طبقات سے بالاتر ہو کر جائز قیادت کا ساتھ دیں، ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ ایک صف میں کھڑے ہوں، قومی اہداف اور اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کریں اور قومی مفاد اور امت کے مفاد کے لیے اتحاد اور باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
اسی تناظر میں وزارتِ دفاع نے صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رشاد العلیمی کی جانب سے جاری کردہ قومی فیصلوں کا خیرمقدم کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلے ملکی تاریخ کے ایک نہایت نازک مرحلے پر سامنے آئے، یمنی عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہیں اور جمہوریہ یمن کے آئین، نافذ العمل قوانین، اقتدار کی منتقلی کے اعلان اور قومی حوالہ جات میں درج اختیارات اور ذمہ داریوں کے تحت کیے گئے ہیں۔ وزارت دفاع نے ان تمام فیصلوں اور اقدامات سے مکمل وابستگی کا اعلان کیا۔
Your browser doesn’t support HTML5 video
وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق ہم اپنی قیادت اور یمنی عوام سے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم وطن کے امانت دار محافظ بنے رہیں گے، مسلح افواج کے اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے، ان کی تعمیر کے سفر کو مکمل کرنے اور سائنسی اور درست قومی بنیادوں پر ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ یہ سب اعلیٰ قیادت کی ہدایات اور تعاون سے اور تمام محب وطن عناصر کے اشتراک سے کیا جائے گا۔
بیان کے اختتام پر وزارتِ دفاع اور جنرل اسٹاف کی قیادت نے سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد برائے آئینی حکومت میں شامل برادر ممالک کی کاوشوں کو سراہا اور یمنی عوام اور ان کی قیادت کے لیے مختلف مراحل میں دی جانے والی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی سعودی عرب کی جانب سے یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی مخلصانہ اور برادرانہ کوششوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔