مصنوعی ذہانت [آئسٹاک]
ذہن کی کاہلی یا ٹیکنالوجی کا بوجھ؟ کیا اے آئی ہماری مہارتیں کھا رہی ہے؟
جب ہم انسانی تاریخ کے اوراق پلٹتے اور اپنے گرد بکھرے قدیم آثار کو دیکھتے ہیں تو ایک حیرت انگیز سوال ذہن میں سر اٹھاتا ہے: وہ تہذیبیں، جن کے پاس نہ بجلی تھی، نہ جدید مشینیں، نہ لیزر اور نہ ہی خلائی ٹیکنالوجی، آخر کس طرح ایسے سائنسی اور انجینیئرنگ کمالات انجام دے گئیں جو آج بھی عقل کو دنگ کر دیتے ہیں؟ قدیم مصریوں کے اہرام ہوں یا بابلیوں کی فلکیاتی حسابات یہ سب اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ انسانی ذہن کی صلاحیتیں صرف آلات کی محتاج نہیں ہوتیں، بلکہ علم، مشاہدے اور تخلیقی سوچ سے بھی تاریخ کا رخ موڑا جا سکتا ہے۔
اس کے باوجود ان تہذیبوں نے تاریخ کے ماتھے پر ایسے نقوش چھوڑے ،جو آج بھی ان کی عظمت کی گواہی دیتے ہیں۔ پھر علم اور تاریخ کے سفر میں وہ کون سا موڑ آیا، جہاں سب کچھ اچانک ایک گہری کھائی میں جا گرا؟
وہ کون سی آفت تھی، جس نے ان عظیم تہذیبوں کو زوال کی طرف دھکیل دیا؟قدیم زمانے میں یہ کہا جاتا تھا کہ بطلمیوسی دور میں اسکندریہ کی تاریخی لائبریری کی تباہی نے انسانی تہذیب کو تقریباً ایک ہزار سال پیچھے دھکیل دیا، کیونکہ اس کے ساتھ بے شمار علوم بھی خاکستر ہو گئے۔
اسی طرح عباسی دور میں منگولوں کے ہاتھوں بغداد کی لائبریری کی بربادی نے ایک بار پھر علم کے چراغ بجھا دیے۔اگرچہ ان دونوں سانحات میں نقصان تحریری سرمائے کا ہوا اور انسانی نسل باقی رہی، مگر آج مصنوعی ذہانت اس سے کہیں زیادہ گہرے خدشات کو جنم دے رہی ہے۔
اس بار خطرہ کتابوں کے جلنے کا نہیں، بلکہ سوچنے کی خواہش کے بجھ جانے کا ہے،جہاں بعض انسان غور و فکر کی ذمہ داری خود اٹھانے کے بجائے چیٹ بوٹس اور الگورتھمز کے سپرد کرتے جا رہے ہیں۔
اب مصنوعی ذہانت محض ایک معاون اوزار نہیں رہی، بلکہ تیزی سے سوچ، تحریر اور فیصلہ سازی میں ایک مستقل شریک بنتی جا رہی ہے۔ جیسے جیسے کام، تعلیم اور روزمرہ زندگی میں تخلیقی مصنوعی ذہانت کے ماڈلز پر انسانی انحصار بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے ایک غیر مرئی قیمت کے بارے میں خدشات بھی جنم لے رہے ہیں۔جس کی صورت بنیادی ذہنی صلاحیتوں کے گھٹنے، تنقیدی سوچ کے زوال اور طویل مدت میں ذہنی کاہلی کی شکل میں سامنے آ سکتی ہے۔
یہ اندیشے اب صرف فلسفیانہ تاثرات یا اخلاقی انتباہات تک محدود نہیں رہے، بلکہ بڑھتی ہوئی تعداد میں سامنے آنے والی علمی و تحقیقی مطالعات سے تقویت پا رہے ہیں، جو اس بات کا موازنہ کرتی ہیں کہ ہم رفتار اور کارکردگی کی صورت میں کیا حاصل کر رہے ہیں اور اس کے بدلے اپنی فطری ذہنی صلاحیتوں میں سے کیا کچھ داؤ پر لگا رہے ہیں۔
سوچ کی تفویض… مصنوعی ذہانت کا پوشیدہ چہرہ
حالیہ مطالعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے اوزاروں کا حد سے زیادہ استعمال اُس رجحان کو فروغ دے رہا ہے جسے سائنسی اصطلاح میں ''ادراکی بوجھ کی منتقلی''(Cognitive Offloading) کہا جاتا ہے،یعنی تجزیہ یادداشت اور خیالات کی تشکیل جیسے ذہنی عمل خود انجام دینے کے بجائے بیرونی ٹیکنالوجی کے سپرد کر دینا۔
سال 2025 میں جریدے'' سوسائٹیز'' میں شائع ہونے والی ایک تحقیق جس میں مختلف عمروں اور تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے 666 افراد شامل تھے، نے مصنوعی ذہانت پر بار بار انحصار اور تنقیدی سوچ کی سطح کے درمیان واضح منفی تعلق کی نشاندہی کی۔
تحقیق کے مطابق خصوصاً کم عمر افراد میں یہ رجحان زیادہ نمایاں پایا گیا۔مطالعے نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ وہ صارفین جو مصنوعی ذہانت پر زیادہ انحصار کرتے ہیں، ان میں گہرے تجزیے کا رجحان کم اور تیار شدہ جوابات پر بھروسا زیادہ دیکھا گیا۔
تحقیق کے مصنف محقق مائیکل گرلچ نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت نہ صرف سوچ کا راستہ مختصر کر رہی ہے، بلکہ بعض صورتوں میں پوری ذہنی جدوجہد ہی کو ختم کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
دماغ میں ''ادراکی قرض'' … نیوروانیجنگ کیا بتاتی ہے؟
جب سوال ناموں سے آگے بڑھ کر خود دماغی سرگرمی کا مطالعہ کیا جائے تو انتباہات مزید سنجیدہ صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ سال 2025 میں ایم آئی ٹی میڈیا لیب کی جانب سے کی گئی ایک قابلِ توجہ تحقیق میں شرکا کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا:
ایک گروہ جو تحریر کے لیے مصنوعی ذہانت پر انحصار کرتا تھا، دوسرا جو سرچ انجن استعمال کرتا تھا اور تیسرا جو کسی بھی ڈیجیٹل اوزار کے بغیر کام کر رہا تھا۔
نتائج سے ظاہر ہوا کہ مصنوعی ذہانت کے ماڈلز پر انحصار کرنے والے افراد میں سوچ اور تحریر سے متعلق کاموں کے دوران دماغی اعصابی رابطوں کے نیٹ ورک سب سے کمزور تھے۔
اسی طرح یادداشت اور توجہ سے وابستہ حصوں کی سرگرمی بھی نمایاں طور پر کم پائی گئی۔ متعدد شرکا کو یہ تک یاد رکھنے یا وضاحت کرنے میں دشواری پیش آئی کہ انہوں نے خود کیا تحریر کیا تھا۔
مطالعے میں اس کیفیت کو ''ادراکی قرض ''کا نام دیا گیا،ایسی صورتِ حال جس میں قلیل مدت میں ذہنی محنت بچا لی جاتی ہے، مگر طویل مدت میں اس کی قیمت ذہنی صلاحیتوں کے کمزور پڑ جانے کی صورت میں چکانی پڑتی ہے۔
خطرے میں گھری مہارتیں: ہم کیا کھو سکتے ہیں؟
2023 سے 2025 کے درمیان شائع ہونے والی تحقیقی مطالعات کے حالیہ منظم جائزوں کے مطابق مصنوعی ذہانت پر حد سے زیادہ انحصار کے نتیجے میں جن مہارتوں کے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خدشہ ہے، ان میں تنقیدی اور تجزیاتی سوچ، فعال یادداشت، پیچیدہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور جدت و تخلیقی انداز میں نئے خیالات پیدا کرنے کی صلاحیت شامل ہیں۔
اسی تناظر میں سال 2025 میں جریدے ''انفارمیشن ڈسکوری اینڈ ڈیلیوری'' میں شائع ہونے والی ایک جامع تحقیق نے درجنوں مطالعات کا تجزیہ کرتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مصنوعی ذہانت کا اثر دو رُخی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی معاون اوزار کے طور پر استعمال کی جائے تو کارکردگی بہتر بنا سکتی ہے، مگر جب یہ انسانی سوچ کا مکمل متبادل بن جائے تو ذہنی صلاحیتوں کو کمزور کرنے والا عنصر ثابت ہو سکتی ہے۔
قریب کی مثالیں، بڑے خطرات کی گھنٹی
یہ پہلا موقع نہیں کہ انسانی ذہن کو اس نوعیت کے چیلنج کا سامنا ہو۔ ایک دہائی قبل اسمارٹ فونز نے بھی اسی طرح کے خدشات کو جنم دیا تھا اور آج ہمارے پاس ان خدشات کو جانچنے کے لیے وافر اعداد و شمار موجود ہیں۔
اعصابی سائنس میں کی گئی متعدد تحقیقات کے مطابق اسمارٹ فون کے حد سے زیادہ استعمال کا تعلق یادداشت میں کمی، توجہ کی کمزوری اور تخلیقی صلاحیتوں کے زوال سے جوڑا گیا ہے۔
جریدہ ''سوشل کوگنیٹو اینڈ افیکٹو نیوروسائنس ''میں شائع ہونے والی ایک نیوروامیجنگ تحقیق سے پتا چلا کہ اسمارٹ فون کے عادی افراد میں خیالات کی تخلیق سے متعلق کاموں کے دوران دماغ کا سامنے والا حصّہ جو تخلیقی سوچ کا مرکز سمجھا جاتا ہے،میں دماغی سرگرمی نسبتاً کم تھی۔
مزید یہ کہ دیگر مطالعات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ موبائل فون کے بے جا استعمال کا تعلق اُس رجحان سے ہے جسے "ڈیجیٹل فراموشی" کہا جاتا ہے، جہاں افراد معلومات یاد رکھنے کے بجائے انہیں اپنے آلات میں محفوظ کرنے پر انحصار کرنے لگتے ہیں، جس کے نتیجے میں خود یاد رکھنے کی صلاحیت کمزور پڑ جاتی ہے۔
دوگنا ہوتا خطرہ
ماہرینِ تحقیق کے مطابق بنیادی فرق یہ ہے کہ اسمارٹ فون معلومات کو محفوظ کرتا تھا، جبکہ مصنوعی ذہانت اب انسان کی جگہ سوچنے لگی ہے۔ یہی نوعی تبدیلی خطرات کی سطح کو کہیں زیادہ بڑھا دیتی ہے، خصوصاً تعلیم اور علمی نوعیت کے کاموں میں، جہاں ایسا امکان پیدا ہو رہا ہے کہ ایک ایسا نسل پروان چڑھے جو مشین سے سوال کرنا تو جانتی ہو، مگر اس کے بغیر سوچنے کی صلاحیت سے محروم ہو۔
فروری 2025 میں سائنسی جریدے "نیچر" میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں متنبہ کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت سیکھنے اور یادداشت کے طریقۂ کار کو سرچ انجنز یا جی پی ایس نظاموں کے مقابلے میں کہیں زیادہ گہرے انداز میں بدل سکتی ہے۔
رپورٹ میں علمی تشکیل کے ابتدائی مراحل میں مصنوعی ذہانت پر غیر شعوری انحصار سے خبردار کیا گیا ہے۔ان خدشات کے باوجود ماہرین اس بات پر متفق نہیں کہ مصنوعی ذہانت لازماً انسانی ذہنوں کو تباہ کر دے گی۔ ان کا زور اس نکتے پر ہے کہ فیصلہ کن عنصر استعمال کا طریقہ ہے۔ اگر اسے معاون اوزار کے طور پر برتا جائے تو یہ جدت اور تخلیق کے لیے محرک ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اگر یہ مستقل ادراکی سہارا بن جائے تو ذہنی کاہلی کی طرف لے جا سکتی ہے۔
ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی میں جھونکے گئے کھربوں ڈالر، نوجوان موجدوں اور کاروباری ذہنوں کی بھرمار، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ امکانات بے پناہ ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کو انسانی تاریخ کی سب سے بڑی فکری جُوا کہا جا رہا ہے یا تو یہ ایسی نسل کو جنم دے گی جو آسمان کو چھو لے یا پھر دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک کی اس پیش گوئی کو سچ ثابت کرے گی کہ کہیں انسان دوبارہ ''بندر'' نہ بن جائیں۔