اٹلی کا خلیجی ممالک کو دفاعی امداد بھیجنے کا فیصلہ
خطے میں دو ہزار اطالوی فوجی تعینات ہیں
اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روم ایرانی فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خلیجی ممالک کو فضائی دفاعی امداد بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
میلونی نے ایک ریڈیو اسٹیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی طرز پر اٹلی بھی خلیجی ممالک کو دفاعی میدان اور بالخصوص فضائی دفاع میں امداد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ محض دوست ممالک ہونے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس خطے میں دسیوں ہزار اطالوی شہری رہائش پذیر ہیں اور وہاں ہمارے تقریباً دو ہزار فوجی بھی تعینات ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کی ہم حفاظت کرنا چاہتے ہیں بلکہ ان کا تحفظ ہم پر واجب ہے"۔
یاد رہے کہ گذشتہ 28 فروری سنہ 2026ء کی صبح اسرائیل نے ایران پر حملے کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور بعد ازاں واشنگٹن نے اطلاع دی تھی کہ اس نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایک بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد ایرانی نظام کا خاتمہ ہے۔
ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے جواب میں متعدد خلیجی ممالک میں اپنے پڑوسیوں کی طرف سینکڑوں میزائل اور ڈرونز فائر کیے جن میں ان ممالک کی سرزمین پر قائم امریکی فوجی اڈوں کے علاوہ سویلین انفراسٹرکچر اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔