برجن اسٹاک میں جے ڈی وینس اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات سے - 21 جون 2026 - لائیو سلسلہ

مذاکرات کے آغاز سے قبل شہباز شریف کی جے ڈی وینس سے ملاقات

ملاقات میں جیرڈ کشنر، اسٹیو ویٹکوف اور فیلڈ مارشل چیف جنرل عاصم منیر شریک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کے آغاز سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے بورگن اسٹاک میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں امریکی ایلچی اسٹیو ویٹکوف، امریکی صدر کے مشیر جیرڈ کشنر اور پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔



العربیہ اور الحدث کے ذرائع کے مطابق جے ڈی وینس کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر ایرانی وفد سے ملاقات کریں گے۔

مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے مابین مذاکرات کا نیا دور آج اتوار کو سوئٹزرلینڈ میں شروع ہو رہا ہے جو دونوں فریقین کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت پر مبنی ہے۔ سوئٹزرلینڈ نے تمام وفود کی آمد کی تصدیق کر دی ہے اور نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد، محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اور ثالث بورگن اسٹاک میں موجود ہیں اور آج دوپہر مذاکرات کا آغاز کریں گے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی حمایت جاری رکھے گی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف امریکہ، ایران، قطر اور سوئٹزرلینڈ کے وفود کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔



اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی مذاکرات کاروں کی آمد کے کچھ گھنٹے بعد میزبان ملک پہنچ گئے تھے۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف بھی مذاکرات کے مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے قبل پاکستانی میڈیا نے بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی اتوار کی صبح سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے تھے۔

یاد رہے کہ مذاکرات جمعہ کو شروع ہونا تھے لیکن اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملوں میں شدت اور حزب اللہ کے ہاتھوں چار فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد انہیں آخری لمحات میں ملتوی کر دیا گیا تھا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں