''قوتِ محبت ''کا انوکھا اظہار، 443میٹر کی بلندی پر شادی کی پیشکش کے بعد گرفتاری
امریکا کے شہر نیویارک میں بدھ کے روز دو افراد کو ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے سب سے اونچے حصے پر نصب اینٹینا پر چڑھنے کے بعد حراست میں لے لیا گیا، جہاں بظاہر انہوں نے منگنی کا اعلان بھی کیا۔
سیاہ لباس اور چہروں پر نقاب پہنے دونوں افراد نے 443 میٹر بلند اس مشہور عمارت کے اینٹینا پر ایک بینر آویزاں کیا، جس پر لکھا تھا:جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی، تو دنیا امن کو پہچان لے گی۔
بعد ازاں مرد ایک گھٹنے کے بل بیٹھ گیا اور ایسا محسوس ہوا کہ اس نے خاتون کو شادی کی پیشکش کی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور بوسہ دیا۔
نیویارک پولیس کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دونوں افراد کو کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر حراست میں لے لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، جبکہ ان پر عائد کی جانے والی ممکنہ دفعات پر غور جاری ہے اور تحقیقات بھی جاری ہیں۔
ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں عوام کے لیے ایک مشاہداتی ڈیک موجود ہے، جہاں سے نیویارک شہر کا خوبصورت نظارہ کیا جا سکتا ہے، تاہم عمارت کے انتہائی بلند حصوں تک رسائی ممنوع ہے۔
اس سے قبل بھی بعض افراد اس عمارت پر چڑھنے کی کوشش کر چکے ہیں، تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ مذکورہ دونوں افراد اینٹینا تک کیسے پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔