فیفا کے قواعد توڑ کر میسی کے پیچھے پہنچنے والا کتا، ورلڈ کپ میں سب کی توجہ کا مرکز بن گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

میسی کا میچ دیکھنے والا کتا خبروں کی زینت بن گیا، کہانی کیا ہے؟ ''برودی'' نامی کتا اس وقت عالمی خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، کیونکہ وہ ورلڈ کپ 2026 کے اسٹیڈیم میں داخل ہونے والا پہلا جانور بن گیا۔

اسے راؤنڈ آف 32 کے ایک اہم میچ میں دیکھا گیا، جہاں لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے سخت مقابلے کے بعد کیپ وردے کو شکست دی۔ارجنٹائن کی ٹیم کو اس میچ میں فتح کے لیے سخت جدوجہد کرنا پڑی۔

کیپ وردے نے دو مرتبہ خسارے سے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ اضافی وقت تک پہنچا دیا، تاہم آخرکار میامی کے ''ہارڈ راک اسٹیڈیم'' میں ارجنٹائن کامیاب رہا۔

میچ کے شائقین کی طرح ''برودی ''بھی ابتدا سے اختتام تک مقابلے سے لطف اندوز ہوتا رہا، حالانکہ عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے قواعد کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے اسٹیڈیمز میں جانوروں کے داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

گولڈن ریٹریور اور پوڈل نسل کے امتزاج سے تعلق رکھنے والا "برودی" اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بن گیا جب وہ اسٹیڈیم کے ایک خصوصی باکس میں شور سے محفوظ رکھنے والے ہیڈ فون پہنے، ہلکی پھلکی خوراک اور مشروبات سے لطف اٹھاتے ہوئے میچ دیکھتا نظر آیا۔

اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد وہ دنیا بھر میں مشہور ہو گیا۔ اگرچہ "برودی" اس سے پہلے بھی، خصوصاً امریکا میں اور این بی اے (NBA) کے شائقین کے درمیان، باسکٹ بال کے متعدد میچوں میں اپنی موجودگی کے باعث جانا پہچانا نام تھا۔

برودی کون ہے؟

''برودی'' کے انسٹاگرام پر 20 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ یہ چھ سالہ کتا ہے اور اسے دنیا کا مشہور ترین کتا بھی کہا جاتا ہے۔ارجنٹائن کے میچ کے دوران برودی نے اسٹیڈیم میں کھانے پینے سے بھی ایسے لطف اٹھایا جیسے کوئی عام شائقِ کھیل ہو۔

برودی 2023 میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچا جب صرف تین سال کی عمر میں امریکی خبروں میں نمایاں ہوا۔ اس نے میامی بیچ پولیس کے K-9 یونٹ کے تعاون سے بچوں کے لیے کھلونے فراہم کرنے کی مہم میں ایک ملین ڈالر سے زائد رقم جمع کرنے میں مدد کی، جس کے ذریعے میامی کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج بچوں میں کھلونے تقسیم کیے گئے۔

برودی کا مالک کلف براش ہے، جس نے اپنی ملازمت چھوڑ کر خود کو سوشل میڈیا اور برودی کی سرگرمیوں کے لیے وقف کر دیا۔ وہ برودی کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ فلاحی کاموں پر خرچ کرتا ہے۔

کلف براش لائیکن پلینس (Lichen Planus) نامی بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ برودی کو پالنے کے بعد ان کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب انہیں پہلے کی طرح بیماری کے شدید دورے نہیں پڑتے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں