ایران پر نئے امریکی حملے... اور پاسداران انقلاب کے تین ارکان ہلاک

دو روز میں ایران کے 170 سے زیادہ عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی افواج نے ایران کے کئی علاقوں پر حملہ کیا ہے، جبکہ تہران نے بحرین، کویت اور اردن میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس سے تین ہفتے قبل طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایران کے مغربی صوبے خوزستان میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے تین فوجی ہلاک ہوئے۔ ادھر پاسداران کی بحریہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ایران پر امریکی حملے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے راستے کو تبدیل کرنے کی کوششیں اس تزویراتی آبی گزرگاہ کو بتدریج دوبارہ کھولنے میں رکاوٹ ہیں اور اس سے مستفید ہونے والے ممالک کے مفادات خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ امریکی مداخلت کا "سخت جواب" دیا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق، ایک ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی ایران کے شہر سیرک کی بندرگاہ پر امریکی حملوں میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے جمعرات کو کہا کہ ایران پر حملوں کا مقصد جہاز رانی کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔ ساتھ بتایا گیا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران 170 سے زائد ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے شمالی ایران کے شہر آق قلا، جنوبی شہروں بندر عباس اور جاسک، وسطی ایران کے شہر اصفہان، جنوب مشرقی شہروں سیرک اور چابہار کے علاوہ آبنائے ہرمز کے مغربی دہانے کے قریب جزیرہ ابو موسیٰ اور صوبہ بوشہر کے علاقوں میں دھماکوں کی اطلاع دی۔

اس حوالے سے ایک ایرانی عہدیدار نے "اِرنا" کو بتایا کہ ایک امریکی حملے نے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ارد گرد کے علاقے کو نشانہ بنایا۔ بوشہر کے نائب گورنر نے تصدیق کی کہ صوبے میں نیوکلیئر پلانٹ کے اطراف، چگادک قصبے میں ایک فوجی اڈے اور جنوبی ساحل پر مچھلی پکڑنے کی جیٹی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

دوسری جانب کویت کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ مسلح افواج نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے دشمن کے تین بیلسٹک میزائل، ایک کروز میزائل اور دس ڈرونز کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔ وزارت کے ترجمان کرنل سعود العطوان نے بتایا کہ اس کارروائی میں معمولی مادی نقصان ہوا اور ایک شخص زخمی ہوا۔

بحرین کی ڈیفنس فورس نے بھی اعلان کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے ملک کو نشانہ بنانے والے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔ کمانڈ نے اپنے بیان میں کہاکہ ایران، بحرین میں شہریوں کو نشانہ بنا کر مسلسل "منظم جارحانہ رویہ" اپنائے ہوئے ہے، تاہم فضائی دفاعی فورسز نے اپنی اعلیٰ جنگی تیاری کی بدولت ان حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں