جنوبی چین میں سیلاب سے (رائٹرز)

جنوبی چین میں سیلاب سے 39 افراد جاں بحق، 9 لاپتا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چین کے جنوبی علاقے گوانگشی میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد جمعرات تک بڑھ کر 39 ہوگئی، جبکہ 9 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ یہ اطلاع چینی خبر رساں ایجنسی شِنہوانے حکام کے حوالے سے دی۔

ایجنسی کے مطابق گوانگشی کے مختلف علاقوں میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 39 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 9 افراد لاپتا ہیں۔ ان اعداد و شمار میں نان ننگ شہر میں لیولان آبی ذخیرے کے بند ٹوٹنے سے آنے والے سیلاب کے متاثرین بھی شامل ہیں۔گزشتہ چند روز کے دوران علاقے میں شدید بارشیں ہوئی ہیں۔

سرکاری نشریاتی ادارےچائنا سینٹرل ٹیلی ویژن(سی سی ٹی وی) کی نشر کردہ ویڈیوز میں دریاؤں کے پانی کی سطح بلند ہونے، گھروں کی تباہی اور امدادی کارکنوں کو ربڑ کی کشتیوں کے ذریعے متاثرین تک امدادی سامان پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا۔

لیولان میں بند ٹوٹنے کے واقعے کے نتیجے میں کیچڑ آلود پانی کے شدید ریلے زیریں علاقوں کی جانب بہہ نکلے، جس سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور 7 لاپتا ہوگئے۔

شِنہوا کے مطابق یہ واقعہ موجودہ مجموعی ہلاکتوں کا سب سے بڑا سبب بنا۔اس سے قبل جاری ہونے والی سرکاری رپورٹ میں چین بھر میں 17 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی، جن میں گوانگشی میں 6 افراد شامل تھے۔ وہاں شدید بارشوں کے باعث ایک آبی ذخیرے کا بند ٹوٹ گیا تھا۔

لیولان میں اگرچہ سیلابی پانی اتر چکا ہے، تاہم ایجنسی فرانس پریس کے مطابق بدھ کے روز بھی سڑکیں اور گھر موٹی کیچڑ کی تہہ سے ڈھکے ہوئے تھے۔متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں نے اپنے تباہ شدہ گھروں کی صفائی کا مشکل کام شروع کر دیا ہے۔

بعض افراد نے اپنی خراب شدہ اشیا کو ہٹانے کے لیے بلڈوزر اور دیگر مشینری کا استعمال کیا۔شِنہوا کے مطابق حکام نے علاقے میں امدادی سامان بھیجا ہے، جس میں خوراک، بارش سے بچاؤ کے لیے حفاظتی کوٹ اور ربڑ کی کشتیاں شامل ہیں۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں