عمال انقاذ يشاركون في تدريب لمواجهة هجمات الدببة في اليابان- رويترز
جاپان: ریچھ گھر کے کچن میں گھس گیا، فریج میں کھانا تلاش کرنے لگا
شمالی جاپان میں ایک ریچھ گھر میں گھس گیا۔ ایک خاندان نے اپنے باورچی خانے میں ریچھ کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی ۔ ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ ان جانوروں کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان ان کی طرف منسوب مہلک حملوں میں شدید اضافہ ہوا ہے۔
وزارتِ ماحوليات کے مطابق یکم اپریل سے اب تک جاپان میں ریچھوں نے کم از کم پانچ افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ یہ تمام ہلاکتیں ملک کے شمالی علاقے توہوکو میں ہوئیں، گزشتہ مالی سال کے دوران ملک بھر میں زخمی کرنے والے حملوں کی ریکارڈ تعداد 13 درج کی گئی تھی۔ توہوکو سے تعلق رکھنے والے شمالی علاقے ایواتے میں پولیس کو پیر کی شام ایک خاندان کی جانب سے اطلاع ملی کہ ایک ریچھ ان کے گھر میں داخل ہو گیا ہے۔
مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانس پریس کو بتایا کہ ریچھ نے فریج کھولا اور اس کا سامان پاس ہی بکھیر دیا۔ پاؤں کے نشانات سے معلوم ہوتا ہے کہ ریچھ باورچی خانے کے ساتھ موجود پچھلے دروازے سے باہر نکلا اور اس نے بچا ہوا کھانا تلاش کرنے کے لیے کوڑے دان کی بھی تلاشی لی۔
پولیس اہلکار کے مطابق یہ واقعہ شیزوکوئیشی شہر میں پیش آیا جہاں 5 جولائی سے اب تک کم از کم چار دیگر خاندانوں نے بھی اپنے گھروں میں ریچھوں کے داخل ہونے کی اطلاع دی ہے۔ حالیہ مہینوں میں ریچھوں کے موسم سرما کی نیند سے باہر آنے کے بعد ان کے دیکھے جانے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور شہروں اور قصبوں میں گھومنے والے ریچھوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
جون میں ٹوکیو کے شمال میں واقع اوتسونومیا میں گھومنے والے ایک ریچھ کو پکڑنے کے لیے درجنوں پولیس اہلکاروں، شکاریوں اور شہر کے حکام کو چار دن لگ گئے۔ اس کی وجہ سے حکام کو بڑے پیمانے پر سکول بند کرنا پڑے۔ اس سے قبل ایک اور ریچھ جسے "انتہائی ذہین" قرار دیا گیا کیونکہ اس نے کھڑکی کھولی اور نل چلایا، فوکوشیما کے دو کارخانوں میں چار افراد پر حملہ کیا اور وہ کئی روز تک آزاد گھومتا رہا۔
سائنسدان واقعات میں اس شدید اضافے کی وجہ ریچھوں کی تعداد میں اضافہ، دیہی علاقوں میں آبادی کی کمی اور دیگر عوامل کو قرار دیتے ہیں جن میں ریچھوں کے لیے ان کی معمول کی خوراک کی دستیابی میں اتار چڑھاؤ شامل ہے۔