اردن کے آسمان میں ایرانی میزائل (آرکائیو فوٹو - اے ایف پی)
اردن نے چار ایرانی میزائلوں اور چھ ڈرونز کو فضا میں روک دیا
اردنی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت کے علاقے پر ایران کی طرف سے داغے گئے چار میزائلوں اور چھ ڈرونز کا مقابلہ کیا، جن کے بارے میں تہران کا کہنا ہے کہ یہ امریکی ضربوں کا جواب ہیں، تاہم اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
آج جمعرات کے روز جاری بیان میں ایک عسکری ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ "فضائی دفاعی نظام نے جمعرات کی صبح تین میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا، جبکہ چوتھا میزائل ایک غیر آباد اور ویران علاقے میں گرا۔
بیان کے مطابق اسی طرح گذشتہ روز بدھ کی شام چھ ڈرون طیاروں کو روک کر گرا دیا گیا جبکہ "کوئی "جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا"۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ روئل انجینئرنگ کور کی ٹیمیں میزائل اور ملبے کے گرنے کی جگہوں پر پہنچیں اور معمول کے مطابق طے شدہ فنی اور سکیورٹی طریقہ کار کے تحت صورت حال سے نمٹا گیا اور مقامات کو محفوظ بنایا گیا۔
ذرائع نے باور کرایا کہ مسلح افواج مملکت کی فضائی حدود کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور مشغولیت ک قواعد کے مطابق مملکت کی سکیورٹی اور اس کے شہریوں کی سلامتی کو نشانہ بنانے والے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ ترین عملیاتی تیاری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
جنرل کمانڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اجسام یا ملبے کے گرنے کی جگہوں کے قریب نہ جائیں اور فوراً ان کی اطلاع دیں۔ نیز معلومات سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور افواہوں و غیر مصدقہ خبروں کو نہ پھیلائیں۔