meeting
ایرانی وزیر خارجہ کی حاکم دبئی سے ملاقات
خلیجی ممالک اور تہران کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے دبئی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایران اور خلیجی ممالک بالخصوص یو اے ای کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ مذاکرات کے لیے دبئی جیسے شہر کا انتخاب کیا گیا تھا جہاں ایرانی تارکین وطن کی بڑی تعداد موجود ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں خطے کی صورت حال اور عالمی وعلاقائی امن و سلامتی کے لیے ایران اور خلیجی ممالک کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی جانب سے محمد بن راشد کو دورہ ایران کا دعوت نامہ بھی پہنچایا۔ انہوں نے ایران کے دورے کی دعوت قبول کی اور کہا کہ وہ جلد تہران آئیں گے۔
جواد ظریف اس سے قبل گذشتہ برس دسمبر میں خلیجی ملکوں کے دورے پر آئے تھے۔ انہوں نے تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدہ طے پانے پر خلیجی ممالک کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ جوہری مسئلے پر معاہدہ ایران اور پڑوسی ممالک کے مفاد میں ہے۔