Residents look at the site of a car bomb attack in Baghdad July 14, 2014. (Reuters)
بغداد میں یکے بعد دیگر چار خودکش، 19 ہلاک
عراقی دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے میں ہفتے کے روز ہونے والے چار کار بم دھماکوں میں 19 افراد ہلاک جبکہ تقریبا 40 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس، طبی اور ریسکیو ذرائع کے مطابق جنوبی بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقے کے ضلع ابو دشیر میں ایک خودکش بمبار نے پولیس چیک پوائنٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ابھی تک کسی گروپ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
پولیس کرنل نے خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کو بتایا کہ"عراقی دارالحکومت کے علاقے ابو دشیر، البایا، الجہاد اور حریہ میں چار مختلف بم دھماکوں میں 19 افراد ہلاک اور تقریبا 40 افراد زخمی ہوئے۔"
شمالی عراق کے بڑے حصوں پر قبضہ کرنے والے مسلح گروپ دولت اسلامی عراق و شام [داعش] نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بغداد میں کئی خودکش دھماکے کرائے ہیں۔ تنظیم نے جمعرات کے روز بغداد کے قلب میں ہونے والے ایک بم دھاکے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں تین افراد ہلاک ہوئے۔