yamen
یمن .. المسراخ ضلع حکومتی فوج اور مزاحمت کاروں کے ہاتھ
"العربيہ" نیوز چینل کے مطابق یمن کی سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کار تعز صوبے کے جنوبی ضلع المسراخ پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور اب علاقے کو ملیشیاؤں کے بچے کھچے عناصر سے کلیئر کرایا جارہا ہے۔
اس سے قبل مقامی یمنی ذرائع نے بتایا تھا کہ سرکاری فوج کے دستے اور عوامی مزاحمت کار "ارحب" سے 12 کلومیٹر دور "نہم" شہر کے مرکزی علاقے "مسورہ" کے کنارے جمع ہو رہے ہیں... تاکہ دارالحکومت صنعاء کے راستے پر ایک نیا محاذ کھولا جاسکے۔
دوسری جانب تعز کے مختلف علاقوں پر حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کے اندھادھند حملوں متعدد شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہوجانے کے بعد عرب اتحاد کے طیاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی۔
ادھر "نہم" گورنری کے مغربی جانب عوامی مزاحمت کاروں اور حکومتی فوج نے شدید جھڑپوں کے بعد حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کے حملے کو پسپا کر دیا۔ یہ جھڑپیں بران قصبے میں جبل الحریم اور الصافح میں ہوئیں۔
مسورہ کے علاقے میں حکومتی فوج نے نقیل بن غیلان کے علاقے کو بھاری گولہ باری اور راکٹوں کا نشانہ بنایا۔ یہ علاقہ دارالحکومت صنعاء کے شمال مشرق میں حوثی ملیشیاؤں کی آخری پہاڑی پناہ گاہوں میں سمجھا جاتا ہے۔
اتحادی طیاروں نے دارالحکومت صنعاء کے جنوب میں النہدین کیمپ اس کے مغرب میں الحینہ الداخلیہ گورنری اور شمال میں الدیلمی کے اڈے پر متعدد حملے کیے۔
یمن کے شمال مغرب میں واقع صوبے حجہ میں حرض- میدی کے محاذ پر حکومتی فوج نے جنوبی حصے میں ملیشیاؤں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔
جہاں تک تعز میں زمینی منظرنامے کا تعلق ہے تو صوبے میں عوامی مزاحمت کاروں کی پیش قدمی جاری ہے بالخصوص جنوب میں المسراخ کے محاذ پر۔ تاہم مشرقی محاذ پر الاقروض قصبے میں ابھی تک شدید لڑائی جاری ہے۔ اس دوران تعز کے مغربی محاذ پر الحصد اور وادی عيسى کے علاقوں میں شدید جھڑپیں دیکھی گئیں جن کا دائرہ شہر کے شمالی اطراف تک پھیل گیا۔
تعز میں حوثی ملیشیاؤں نے شہریوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا جو صوبے کے جنوب مشرق میں کرش کے محاذ تک چلی گئی۔ اس اندھادھند گولہ باری میں متعد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ اتحادی طیاروں نے اپنی جانب سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تعز کے مغرب میں الوازعیہ کے محاذ پر بمباری میں اضافہ کرتے ہوئے ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔